اقلیتوں میں عدم تحفظ کا احساس جاگزیں : انفوسیس بانی نارائن مورتی

نئی دہلی 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) انفوسیس کے بانی مسٹر این آر نارائن مورتی نے آج اقلیتوں میں بڑھتے ہوئے خوف اور اندیشوں پر اظہار تشویش کیا ہے اور حکومت سے کہا ہے کہ ان میں اعتماد کا احساس بحال کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ انھوں نے بتایا کہ وہ سیاست داں نہیں ہے اور نہ ہی سیاست میں دلچسپی رکھتے ہیں اور حالیہ پیش آئے ناخوشگوار واقعات پر تبصرہ کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن یہ ایک حقیقت ہے کہ اقلیتوں کے ذہن میں خوف بیٹھ گیا ہے۔ علاوہ ازیں ایک علاقہ سے دوسرے علاقہ میں سکونت پذیر لوگ بھی فکرمند نظر آرہے ہیں۔ 1960 ء کے عشرہ میں ممبئی میں مقیم جنوبی ہندوستانیوں کے خلاف شیوسینا کی نفرت انگیز مہم کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹر نارائن مورتی نے کہاکہ آج بھی وہاں کے حالات تشویشناک ہیں۔ اس خصوص میں انھیں سینکڑوں ای میل موصول ہورہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ملک کی تیز رفتار معاشی ترقی کیلئے اقلیتوں میں احساس تحفظ اور امن و ہم آہنگی ناگزیر ہے۔