اقدام خودسوزی کرنے والے لیڈر کی عیادت

علاج کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی : محمد محمود علی
حیدرآباد۔31اگست(سیاست نیوز) تانڈور میں اقدام خودسوزی کرنے والے سینئر لیڈر ایوب خان کی نائب وزیراعلی الحاج محمد محمودعلی‘ ریاستی وزیرٹرانسپورٹ ایم مہیندر ریڈی‘ چیرمین سیٹ ون میرعنایت علی باقری ‘ چیرمن اقلیتی مالیتی کارپورشن اکبر حسین‘ ٹی آر ایس رنگا ریڈی ضلع صدر عبدالمقیت چندہ‘اور دیگر نے اپولو اسپتال ڈی آر ڈی او سنتوش نگر پہنچ کرعیادت کی۔ ارکان خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے انہیںبھروسہ دلایا کہ حکومت تلنگانہ علاج کا خرچ برداشت کرے گی ۔ جناب محمد محمودعلی نے ایوب خان کا علاج کررہے ڈاکٹرس سے تفصیلی بات چیت کی اور کہاکہ علاج میںکسی قسم کی کوئی کمی نہیںآنی چاہئے اور علاج کے تمام اخراجات حکومت تلنگانہ ادا کریگی ۔ انہوں نے پارٹی کے سینئر قائدین سے بھی اس موقع پر اپیل کی ہے کہ وہ انتہائی اقدامات اٹھانے کے بجائے پارٹی قیاد ت پر اعتماد رکھیں ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ انقلابی تحریک سے سیاسی جماعت میںتبدیل ہونے کے سبب حالات کو سمجھنے میںکافی دشواریاں پیش آرہی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ٹی آر ایس پارٹی بالخصوص چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو سینئرقائدین کے ساتھ انصاف کے لئے کافی سنجیدہ ہیںمگر تکنیکی وجوہات کی بناء پر عہدوں کی تقسیم میںرکاوٹیں پید ا ہورہی ہیںمگر پارٹی کے سینئر قائدین کو کبھی بھی نظرانداز نہیںکیاگیا ہے۔جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ تمام واقعہ سے بہت جلد چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو کو واقف کروایا جائے گا ۔ انہوں نے بھروسہ دلایا کہ ایوب خان جیسے پارٹی کے سینئر قائدین کے ساتھ یقینا انصاف ہوگا۔