اقبال عبداللہ ممبئی ٹیم میں شامل

ممبئی ۔27ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چمپئن ممبئی نے 30ڈسمبر کو کھیلے جانے والے اپنے رانجی ٹرافی کے گروپ ۔اے کے آخری مقابلہ میں گجرات کے خلاف معلنہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے ۔30ڈسمبر کو ولساد میں ممبئی کا مقابلہ گجرات سے ہوگا اور 40مرتبہ کی چمپئن ٹیم نے اپنے گروپ مرحلے کے آخری مقابلے کیلئے منیش راؤ کو ٹیم سے خارج کرتے ہوئے ان کے مقام پر بائیں ہاتھ کے اسپنر اقبال عبداللہ کو شامل کیا ہے ‘ جبکہ منیش راؤ ٹیم کا حصہ تو رہے تاہم انہیں کسی بھی مقابلہ میں قطعی 11کھلاڑیوں میں شامل ہونے کا موقع نہیں ملا ۔ ممبئی کیلئے گجرات کے خلاف کامیابی ضروری ہے جس کے ذریعہ ہی وہ کوارٹرس فائنلس کے مرحلے میں رسائی حاصل کرسکتی ہے ۔ گذشتہ ہفتہ ممبئی کو کرناٹک کے خلاف حیران کن شکست برداشت کرنی پڑی تھی اور یہ رانجی ٹرافی کی طویل تاریخ میں ایک عرصہ کے بعد ہوا ہے کہ ممبئی کو کرناٹک کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی ہے ۔

علاوہ ازیں ٹورنمنٹ کی کمزور سمجھی جانے والی جھارکھنڈ کے خلاف بھی اُس کے مظاہرے مایوس کن رہے تھے کیونکہ حریف ٹیم کے خلاف پہلی اننگز میں اس نے سبقت گنوائی تھی اور مقابلہ ڈرا ہونے کے باوجود وانکھڈے اسٹیڈیم میں ممبئی کو نقصان برداشت کرنا پڑا تھا۔ رانجی ٹرافی میں فی الحال ٹیموں کی درجہ بندی کے جدول میں ممبئی 23نشانات کے ذریعہ تیسرے مقام پر فائز ہے جب کہ پنجاب کے کُل نشانات کی تعداد بھی اتنی ہی ہے تاہم وہ چوتھے مقام پر موجود ہیں ۔ علاوہ ازیں کرناٹک 32نشانات کے ذریعہ پہلے اور گجرات 26نشانات کے ذریعہ دوسرے مقام پر فائزہے ۔ وسیم جعفر کی زیرقیادت ممبئی ٹیم کو آخری مقابلہ میں گجرات کے خلاف کرو یا مرو صورتحال کا سامنا ہے ۔