اقامتی اسکولس میں معیار تعلیم بہتر رکھا جائے

پرنسپلس کیلئے تربیتی پروگرام ۔ جناب اے کے خان کا خطاب
حیدرآباد30 جولائی ( پریس نوٹ ) تلنگانہ اقلیتی اقامتی تعلیمی اداروں کی سوسائیٹی نے آج تمام 71 اقامتی اسکولس پرنسپلس کیلئے ایک تربیتی پروگرام منعقد کیا ۔ نائب صدر نشین و صدر تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکولس سوسائیٹی مسٹر اے کے خان آئی پی اے نے صدارت کی ۔ انہوں نے پرنسپلس اور ضلع انچارچ عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے اقامتی اسکولس کے سلسلہ میں ہوئی پیشرفت کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ اقامتی اسکولس کا قیام ملک کی کسی بھی ریاست میں کسی بھی چیف منسٹر کی جانب سے اقلیتی بہبود کیلئے شروع کردہ سب سے بڑا پروگرام ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تمام اقلیتی اقامتی اسکولس کا کامیابی سے آغاز ہوگیا ہے ۔ انہوں نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا کہ انہوں نے اقلیتی اقامتی اسکولس کا قیام عمل میں لایا ہے ۔ انہوں نے ان اسکولس کے ویژن کا اعادہ کیا اور پرنسپلس و عہدیداروں سے کہا کہ وہ یہاں بہتر معیار تعلیم اور طلبا کی بہتری کو اولین ترجیح دیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبا کو بہتر تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ان میں اخلاق و کردار کو پروان چڑھانے کیلئے بھی کوشش کی جانی چاہئے تاکہ وہ آئی اے ایس ‘ آئی پی ایس اور دوسرے اعلی عہدوں تک پہونچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ سے سوسائیٹی تمام اسکولس کیلئے مستقل عمارت کی تعمیر کا کام شروع کریگی اور ہر عمارت پر 20 کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے ۔ مسٹر بی شفیع اللہ سکریٹری نے تمام پرنسپلس کو اقامتی اسکولس کے کامیاب آغاز پر مبارکباد پیش کی ۔