افغان کرکٹرس کو کراچی ایرپورٹ پر جہاز سے اتار دیا گیا

کراچی ۔ 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کا دورہ ختم کرکے ایشین کرکٹ کونسل ٹرافی کے لئے کوالالمپور جانے والی افغانستان کرکٹ ٹیم کو کراچی ایرپورٹ پر جہاز سے اتاردیا گیا تاہم چند گھنٹے بعد ایک اور پرواز سے کھلاڑیوں کو روانہ کردیا گیا۔ ایر لائن ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پاکستان کا تربیتی دورہ ختم کرکے جب افغان ٹیم ایرپورٹ پہنچی تو فلائٹ کی روانگی میں کم وقت رہ گیا تھا۔ پھر مہمان کھلاڑیوں کے پاس اضافی سامان بھی تھا۔ اس لئے عین وقت پر کھلاڑیوں کو جہاز پر سوار ہونے سے روک لیا گیا۔

تاہم چند گھنٹے بعد کرکٹرس ایک اور پرواز سے دبئی اور پھر کوالالمپور روانہ ہوگئے۔ افغانستان کرکٹ ٹیم نے کراچی میں سابق کپتانوں راشد لطیف اور عامر سہیل کی نگرانی میں اے سی سی ٹرافی کے لئے کیمپ منعقد کیا گیا تھا۔ روانگی سے قبل افغان ہیڈ کوچ کبیر خان نے اس تربیتی دورے کو کامیاب قرار دیا اور کہا کہ ورلڈ کپ سے پہلے اس دورے سے ان کی ٹیم کو فائدہ ہوگا۔