افغان وزیر کا دورہ پاکستان ملتوی

کراچی ۔ 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان میں گذشتہ کئی بم دھماکوں کے بعد تشویش میں مبتلاء وزیرداخلہ نورالحق علومی نے پاکستان کے مجوزہ دورہ کو ملتوی کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہیکہ اس وقت ملک کے داخلی حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ وہ کسی بیرونی دورہ پر نہ جائیں تو بہتر ہوگا۔ دی ایکسپریس ٹریبون کے مطابق وزارت داخلہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ دورہ کسی مناسب وقت کیا جائے گا۔ دوسری طرف اسلام آباد میں موجود ایک افغان سفارتکار نے بتایا کہ مستقبل قریب میں پاکستان کے ساتھ مشاورت کرتے ہوئے دورہ کی نئی تاریخوں کا تعین کیا جائے گا۔ یہ خبریں ایک ایسے وقت آرہی ہیں جب طالبان نے افغانستان کے قندوز اور نورستان صوبوں میں اپنی پیشرفت جاری رکھی ہے جبکہ افغان عہدیداروں کا ادعا ہیکہ انہوں نے طالبان کے قبضہ والے علاقے دوبارہ واپس لے لئے ہیں۔