افغان اور غیرملکی فورسز کے حملے میں 60 جنگجو ہلاک

پاکستانی سرحد کے قریب حقانی نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی
کابل ۔ 30 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) افغان فوج نے غیرملکی فورسز کی فضائی قوت کی مدد سے پاکستان کی سرحد کے نزدیک واقع علاقے میں مشتبہ مزاحمت کاروں کے خلاف ایک بڑا حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم ساٹھ جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔افغان انٹیلی جنس ”نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سکیورٹی” نے بدھ کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستانی سرحد کے نزدیک واقع صوبہ پکتیکا کے ضلع زروک میں یہ کارروائی طالبان سے وابستہ حقانی نیٹ ورک کے خلاف کی گئی ہے اور کم سے کم تین سو حقانی مزاحمت کار اور غیر ملکی جنگجو افغان اور غیرملکی فورسز کی فائرنگ کی زد میں آئے تھے۔نیٹو کی قیادت میں غیرملکی فورسز نے فوری طورپر اس کارروائی کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ادھر واشنگٹن میں ایک امریکی عہدے دار نے کہا ہے کہ افغانستان سے غیرملکی فوجوں کے انخلاء سے قبل مزاحمت کاروں کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں تاکہ ان کا صفایا کیا جاسکے۔حقانی نیٹ ورک کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ اس نے حالیہ برسوں کے دوران دارالحکومت کابل اور دوسرے علاقوں میں افغان اور غیرملکی فورسز پر تباہ کن حملے کیے ہیں اور اس کے جنگجوؤں نے کابل میں خاص طور پر غیرملکیوں کی جائے مسکن ہوٹلوں کو اپنے حملوں میں نشانہ بنایا ہے۔امریکا نے 2012ء میں حقانی نیٹ ورک کو دہشت گرد قراردے دیا تھا۔