افغانستان کے سرحدی علاقوں میں عسکریت پسندوں کا ہجوم

ماسکو۔ 21 مئی (سیاست ڈاٹ کام) روسی خفیہ ایجنسی ایف ایس بی کے سربراہ الیگزنڈر بورٹینکوف (نے خبردار کیا ہیکہ افغانستان کے شمالی سرحدی علاقوں میں عسکریت پسندوں نے جمع ہونا شروع کردیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پانچ ہزار کے قریب داعش کے جنگو وسطی ایشیائی ممالک کی سرحدوں پر مختلف گروپوں کی صورت میں جمع ہوچکے ہیں۔ بورٹینکوف کے مطابق یہ عسکریت پسند وہ ہیں جو شام میں جنگی کارروائیوں میں حصہ لے چکے ہیں۔ اس تناظر میں روس نے وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ سرحدی نگرانی کو سخت کردیا ہے۔ روسی خفیہ ایجنسی کے سربراہ نے یہ بیان تاجکستان کے دورہ کے آغاز پر دیا۔ وہ سابق سوویت یونین سے الگ ہوجانے والے تاجکستان کا دورہ کررہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ روس کی اپنے سابقہ علاقوں پر بالادستی برقرار رہے۔