افغانستان کی جیل میں قیدیوں کیساتھ غیرانسانی سلوک اور اذیتیں

کابل۔ 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق افغانستان میں جتنے بھی ایسے لوگ جنہیں کسی نہ کسی حملے یا تشدد برپا کرنے کی پاداش میں گرفتار کرکے جیل بھیجا گیا ہے۔ ان سب کو جیل میں انتہائی غیرانسانی سلوک اور اذیتوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ افغانستان میں اقوام متحدہ کے مشن اور یو این ہیومن رائیٹس کے دفتر سے مشترکہ طور پر یہ بیان جاری کیا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ امریکہ کی تائید والی افغان حکومت نے طالبان کے ساتھ جاری لڑائی کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کر رکھا ہے۔ طالبان نے حالیہ دنوں میں پیشرفت کرتے ہوئے افغانستان کے نصف علاقوں پر قبضہ کرلیا ہے۔ ملک میں پھیلی بدعنوانیوں اور حکومت پر عوام کا اعتماد ختم ہونے کی وجہ سے طالبان کے خلاف بھی کوئی موثر کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔