افغانستان میں30 طالبان ، مقامی کمانڈر ہلاک

قندھار؍ماسکو ۔26 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے جنوبی قندھار اور دو دیگر مشرقی صوبوں میں طالبان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر ہفتہ کو کی گئی کارروائی میں طالبان گروپ کے دو مقامی کمانڈروں سمیت کل 30 دہشت گردوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ فوج کی جانب سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق سیکورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران گلاب اور مصطفی نامی دو کمانڈر مارے گئے ۔اس دوران سات دہشت گرد زخمی ہوئے۔ سیکورٹی فورسز کے جانی نقصان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی ہے ۔قندھار صوبے میں فعال طالبان دہشت گردوں کی جانب سے کوئی بیان نہیں آیاہے ۔اسپیشل سیکورٹی فورسز کے مطابق اتوار کو دو مشرقی افغان صوبوں میں کم از کم 15 طالبان دہشت گرد ہلاک اور نو دیگر کو گرفتار کر لیا گیا۔افغان قومی دفاعی اور سیکورٹی فورس نے وارداک اور پکتیکا صوبوں میں اتوار کی صبح وسیع مہم چلائی جس میں 15 طالبان دہشت گرد ہلاک اور نو دیگر مسلح دہشت گردوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ہلاک دہشت گرد کئی دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے اور ان میں سے ایک دہشت گرد طالبان کا مقامی کمانڈر تھا۔افغانستان کے ننگرہار صوبے میں ایک چھاپے کے دوران، افغان خصوصی سکیورٹی فورسز نے اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) کے ایک مقامی کمانڈر اور چار دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔وزارت داخلہ نے ہفتے کے روز کہا کہ افغان خصوصی فورسز نے جمعہ کو ننگرہار صوبے کے ضلع دیہ بالا میں ایک مہم شروع کی تھی۔آپریشن کے دوران آئی ایس کے چھ دہشت گر بھی اس مہم میں زخمی ہوئے ہیں۔ قندوزسے موصولہ اطلاع کے بموجب افغانستان میں شمالی صوبہ قندوز میں اتوار کی صبح عسکریت پسندوں اور پولیس اہلکار کے درمیان ہونے والے تصادم کے دو واقعات میں سات عسکریت پسند ہلاک اور دو زخمی ہوگئے جبکہ تین پولیس اہلکار ہلاک اور سات دیگر زخمی ہوگئے ۔