افسر کے سامان سے ملنے والی بندوق نوادرات کا حصہ

اسلام آباد۔ 6 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات کے اسلام آباد میں موجود سفارتخانے نے واضح کیا ہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ایئرپورٹ پر اماراتی پروٹوکول آفیسر کے سامان سے برآمد ہونے والی رائفل عام بندوق نہیں بلکہ نوادرات کا حصہ ہے جس کی دستاویزات اس کے ساتھ منسلک تھیں۔اس حوالے سے شائع ہونے والی اخباری خبروں کی تردید کرتے ہوئے امارات کے سفارتخانے نے مزید کہا ہے کہ اماراتی پروٹوکول آفیسر راشد سنان علی اس رائفل کو نجی ایئرلائن کے ذریعے دبئی لے جارہے تھے۔ سفارتخانے نے مزید کہا ہے کہ ایئرپورٹ حکام نے غلطی سے اسے ورکنگ رائفل سمجھتے ہوئے راشد سنان سے اس کا لائسنس طلب کیا جس کی نوادر ہونے کی وجہ سے کوئی ضرورت ہی نہیں ہے۔