افریقی نوجوان کی پٹائی کی مذمت سشما سوراج کا بیان

نئی دہلی30مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیر خارجہ سشما سوراج نے گریٹر نوئیڈا میں افریقی نوجوان کی پٹائی کی مذمت کی اور کہا کہ اس معاملے کی غیرجانبدارانہ جانچ کرائی جائیگی ۔ قصوروار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ سوراج نے آج راجیہ سبھا میں جنتا دل (یو) کے شردیادو کی جانب سے اس معاملے کو زور و شور سے اٹھائے جانے کے بعد اپنے جواب میں یہ بات کہی۔ یادو نے جب اس معاملے کو اٹھایا تو اپوزیشن کے تمام اراکین ان کی حمایت میں آگئے اور ایک زبان ہوکر حکومت سے کارروائی کا مطالبہ کرنے لگے ، تب ایوان میں سشما موجود نہیں تھیں لیکن کچھ دیر میں وہ خود ایوان میں آگئیں۔انہوں نے کہا ’’جب ایوان میں آپ لوگ یہ معاملہ اٹھارہے تھے تو میں ٹی وی دیکھ رہی تھی، اس کے بعد میں خود ایوان میں آگئی‘‘۔
یوم تاسیس راجستھان پر
وزیراعظم کی مبارکباد
نئی دہلی30مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی نے راجستھان کے یوم تاسیس پر ریاستی عوام کو مبارک باد دی ہے ۔مودی نے آج یہاں جاری ایک پیغام میں کہا، ’’قابل فخر تاریخ اور شاندار ثقافت سے مالا مال بہادروں کی سرزمین راجستھان کے یوم تاسیس پر ریاست کے لوگوں کو بہت بہت مبارک باد‘‘۔راجستھان ہندستان کی 30 مارچ 1949 کو ایک ایسی ریاست بنی ، جس میں اس وقت کی راجپوت رجواڑوں کی طاقتور عملداریاں شامل کی گئی۔