افریقہ کے خلاف سری لنکا کو وائٹ واش شکست

جوہانسبرگ ۔25 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 3 میچوں پر مشتمل ٹوئنٹی20 سیریز کے آخری میچ میں 45 رنز سے شکست دے کر سیریز 3-0 سے جیت لی۔ جوہانسبرگ میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں سری لنکا کے کپتان لستھ ملنگا نے ٹاس جیت کر میزبان جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔جنوبی افریقہ کے اوپنرز میکرم اور ہینڈرکس نے 37 رنز کی شراکت قائم کی جبکہ لکمل نے میکرن کو 15 کے انفرادی اسکور پر پویلین بھیج دیا۔ دوسری وکٹ کی شراکت میں ہینڈرکس اور پریٹوریس نے اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں اور اسکور 127 رنز تک پہنچا دیا۔ وینڈرسے نے ہینڈرکس کو 127 کے اسکور پر آؤٹ کیا تو انہوں نے66 رنز بنائے تھے جس کے بعد سری لنکن بولروں مزید کوئی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بناکر حریف ٹیم کو ایک مشکل ہدف دیا۔ پریٹوریس77 اور جے پی ڈومینی 34 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ سری لنکا کے نیروشان ڈیکویلا نے ہدف کے تعاقب میں 38 رنز بنا کر ڈی سلوا کے ہمرا 42 رنز کا آغازکیا لیکن وہ بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور دوسرے سرے سے دیگر بیٹسمین بھی مسلسل آوٹ ہوتے رہے۔ ڈیکویلا 38 رنز بنا کر آوٹ ہوئے اور 96 کے اسکور پرسری لنکا کے 6 بیٹسمین آوٹ ہوچکے تھے اور8 بیٹسمین دوہرے ہندسے کو بھی عبور نہ کرسکے۔ سری لنکا کی پوری ٹیم 16 ویں اوور میں 137 رنز بنا کر آوٹ ہوئی اور45 رنز سے شکست کے بعد سیریز میں کلین سوئپ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔جنوبی افریقہ کے فیلوکوایو نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں، جونیئر ڈیلا اور سپاملا نے فی کس 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ پریٹوریس کو میچ اور ریزا ہینڈرکس کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔