افتخار چودھری کا عمران کیخلاف 15 ارب روپے کا ہتک عزت دعویٰ

اسلام آباد، 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سابق چیف جسٹس پاکستان افتخار محمد چودھری نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کیخلاف 15 ارب روپے ہرجانے کا دعوی دائر کرتے ہوئے ہتک عزت کا نوٹس بھجوا دیا ہے۔ سابق چیف جسٹس کے وکیل نصیر کیانی نے میڈیا کو نوٹس پڑھ کر سنایا۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان 15 دن میں معافی مانگیں اور اپنا بیان واپس لیں۔ افتخار محمد چودھری کے وکیل نے بتایا کہ سابق چیف جسٹس کی خدمات کو ملکی و بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا، ان کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ نوٹس میں افتخار محمد چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان نے میری سبکدوشی کے بعد کھلم کھلا الزامات لگائے، ہتک آمیز زبان استعمال کی اور ملک کی ایک پارٹی کو 2013 ء کے انتخابات میں جتوانے کا الزام لگایا، اس لئے اپنے دفاع کے طور پر مقدمہ دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اب عمران خان 15 دن میں معافی مانگیں اور بیان واپس لیں۔