اظہر کے مقام پر سرفراز ونڈے کے نئے کپتان؟

لاہور۔2 سپٹمبر(سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے سیریز میں نیا کپتان سامنے لانے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے اور ذرائع نے کہا ہے کہ وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کو ونڈے ٹیم کی قیادت دیئے جانے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ جس طرح سرفراز احمد کو کئی ماہ قبل ٹوئنٹی20  ٹیم کی قیادت سونپ دی گئی تھی اسی طرح اب انہیں ونڈے ٹیم کی کپتانی دینے کیلئے بھی بورڈ حکام نے اپنا ذہن بنا لیا ہے جس کا ایک اہم سبب سابق کھلاڑیوں کی جانب سے اس منصب کیلئے سرفراز احمد کی حمایت بھی ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ انگلینڈ کیخلاف سیریز کے بعد اظہرعلی ونڈے کپتان نہیں رہیں گے لیکن یہ طے ہونا باقی ہے کہ انہیں کپتانی سے الگ کر دیا جائے اور یا وہ خود ہی قیادت سے دستبرداری کا اعلان کر دیں۔واضح رہے انگلینڈ کے خلاف رواں ونڈے سیریز میں اظہر علی کی قیادت میں پاکستان کو یکے بعد دیگرے ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑ رہاہے ۔ان ناکامیوں کے سبب اظہر علی کو قیادت سے ہٹادیا گیا اور ان کے مقام پر سرفراز کو کپتان بنائے جانے کا امکان ہے ۔