’ اظہر ‘ کا بنایا جانا ان کی شفاف شخصیت کو عوام کے سامنے لانا تھا

فلم آج سے ریلیز ، پریس کانفرنس ، عمران ، پراچی اور اظہر الدین کی مخاطبت
حیدرآباد ۔ 12 ۔ مئی : ( ایم اے سلام ) : ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راونڈ کھلاڑی اور کپتان محمد اظہر الدین کی سوانح عمری پر بنائی گئی فلم ’ اظہر ‘ محض ان کے شفاف کردار کو عوام کے سامنے لانے کے لیے بنائی گئی ہے اور اظہر الدین کے کردار کو زندہ کرنا میرے لیے ایک چیلنج سے کم نہیں تھا ۔ یہ بات آج یہاں شوبھا کپور ، ایکتا کپور اور سونی پکچرس نٹ ورکس کی جانب سے بالاجی موشن پکچرس کے بیانر پر بنائی گئی فلم ’ اظہر ‘ کے پرموشن کے لیے منعقد کی گئی ایک پریس کانفرنس میں عمران ہاشمی نے بتائی جو 13 مئی کو ریلیز کی جارہی ہے ۔ عمران ہاشمی نے بتایا کہ اس فلم میں میچ فکسنگ اسکینڈل میں اظہر الدین کے کردار کا پورا واقعہ دکھایا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جب ہم میچ دیکھتے ہیں تب ہمیں میدان میں ہونے والے واقعات کے بارے میں علم رہتا ہے لیکن یہ معلوم نہیں رہتا کہ لاکرروم ، ہوٹلس وغیرہ میں کرکٹرس کے درمیان کیا چل رہا ہے اور وہ کس طرح میچ فکسنگ اسکینڈل میں شامل ہوتے ہیں ۔ عمران نے مزید کہا کہ اظہر الدین نے اس فلم کے لیے مجھے ڈھیر سارا مواد دیا جو میں اس سے پہلے نہیں جانتا تھا ۔ انہوں نے مجھ سے پرسنل و پروفیشنل زندگی کے واقعات بھی شیر کیے ۔ سابق میں اپنی ایک فلم ’ جنت ‘ میں بُکی کا کردار کرچکے عمران ہاشمی نے اظہر الدین کو ایک صاف گو شریف النفس انسان بتاتے ہوئے کہا کہ اس فلم کو دیکھنا اس لیے بھی دلچسپ اور معلوماتی ہوگا کہ کس طرح حالات کے بنتے ایک بہترین کھلاڑی کا مستقبل اور کیرئیر داؤ پر لگ جاتا ہے ۔ فلم میں محمد اظہر الدین کی پتنی نورین کا کردار کرنے والی اداکارہ پراچی دیسائی نے کہا کہ انہیں اس کردار کو نبھانے کے لیے سخت محنت اور ہوم ورک کرنا پڑا ۔ کرکٹر اظہر الدین نے بھی میڈیا سے اپنے تجربات پر بات کی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام تفصیلات بتائیں ۔ مشہور اور کامیاب امریکی ناول نگار ٹونی ڈیسوزا کے ڈائرکشن میں بنی اس اسپورٹس ڈرامہ فلم میں نرگس فاقری نے اظہر الدین کی دوسری پتنی سنگیتا بجلانی کا رول کیا ہے ۔ فلم کے دیگر اہم کرداروں میں لارادتہ ، تشارکپور ، گوتم گلاٹی ، منجوت سنگھ ، کنال رائے کپور شامل ہیں ۔ فلم کی اسکرپٹ راجت اروڑہ نے لکھی ہے ۔ جب کہ موسیقی امال ملک اور پریتم کی فراہم کردہ ہے ۔ سنیما آٹو گرافی راکیش سنگھ کی ہے وہیں فلم کی ایڈیٹنگ دیوجادھو اور وپل چوہان نے کی ہے ۔۔