اظہر مسعود کو عالمی دہشت گرد قرار دینے چین سب سے بڑی رکاوٹ

 

بیجنگ ۔ 30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) چین نے آج ایک بار پھر امریکہ، فرانس اور برطانیہ کی جانب سے پاکستان میں موجود جیش محمد کے سربراہ اور پٹھان کوٹ دہشت گرد حملوں کے ماسٹر مائنڈ مسعود اظہر کو اقوام متحدہ کی جانب سے عالمی دہشت گرد قرار دینے کی کوششوں کو ناکام کردینے کا اشارہ دیا جس کیلئے چین نے اپنا وہی پرانا موقف دہراتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل ارکان کے درمیان اس کے بارے میں کوئی رائے شماری نہیں ہوئی ہے۔ یاد رہیکہ چین نے جیش محمد کے بانی مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کی ایک تجویز کو التواء میں رکھتے ہوئے اس کو تکنیکی طور پر ملتوی کرنے تین ماہ کی توسیع کی تھی جبکہ جاریہ سال فروری میں اقوام متحدہ میں بھی چین نے اسی نوعیت کی کارروائی میں رکاوٹ پیدا کی تھی۔ دریں اثناء چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ہوا چوینگ نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وضاحت پیش کی اور کہا کہ چین نے ایک دو بار نہیں بلکہ کئی بار اپنے موقف کو واضح کیا ہے جو 1267ء کمیٹی سے مربوط ہے۔