اظہر محمود پاکستان کے بولنگ کوچ مقرر

لاہور ، یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے نیوزی لینڈ کے خلاف 17 نومبر سے شروع ہونے والی ٹسٹ سیریزکے پیش نظر سابق آل راؤنڈر اظہرعلی کو پاکستانی ٹیم کا بولنگ کوچ مقرر کردیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے 21 ٹسٹ اور 141 ایک روزہ میچز کھیلنے والے اظہرمحمود اس سے قبل ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016ء میں پاکستان کے بولنگ کوچ کی حیثیت سے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ اظہر محمود نے حال ہی میں انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ سیریز میں بھی ٹیم کی معاونت کی تھی۔ نیوز ایجنسی ’اے پی پی‘ کے مطابق پی سی بی حکام نے پہلے ہی آگاہ کیا تھا کہ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے بولنگ کوچ کیلئے چندغیرملکیوں کے نام دیئے تھے لیکن ان کے ساتھ مالی معاملات اور دستیابی کے حوالے سے مذاکرات کامیاب نہ ہوسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے پاکستانی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے اظہر محمود کو اس عہدے کیلئے منتخب کرلیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اظہر محمود کا پہلی مصروفیت نیوزی لینڈ کے خلاف 17 نومبر سے شروع ہونے والی ٹسٹ سیریز ہوگی۔ پی سی بی عہدہ دار نے کہا کہ اظہر محمود کو ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز سے قبل ٹیم کی ذمہ داریاں دی جانی تھی لیکن معاہدے کو حتمی شکل دینے میں کچھ وقت لگا اور اب انھیں عہدے کیلئے نامزد کردیا گیا ہے۔ ایک سوال پر انھوں نے بتایا کہ اس عہدہ کیلئے  اظہر کے سوا کسی اور مقامی یا بین الاقوامی کوچ سے رابطہ نہیں کیا گیا۔