اطاعت احکام الٰہی و اتباع سنت میں فلاح دارین

آئی ہرک کے مذاکرہ سے ڈاکٹر سید محمد حمیدالدین شرفی اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔26؍جون ( پریس نوٹ) قرآن حکیم اللہ تعالیٰ کا کلام اور حضور انور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا زندہ جاوید معجزہ ہے جو صبح قیامت تک اپنی تابناک ہدایات کے ساتھ باقی و برقرار رہے گا۔ انبیاء سابقین کے معجزات کے اثرات اب موجود نہیں لیکن سرکار دو عالم ؐ کے جملہ معجزات کے اثرات اپنی نورانی اور حقانی کیفیات کے ساتھ آج تک موجود ہیں اور ان شاء اللہ تعالیٰ تا قیام شمس و قمر باقی رہیں گے بالخصوص قرآن حکیم کی اثر آفرینی ابتداء وحی سے لے کر تا حال اور اب سے قیامت تک ساری انسانیت کی ہدایت فرماتی ہوئی موجود رہے گی۔ مسلمانوں کو یہ فخر حاصل ہے کہ انھوں نے قرآن مجید کی شایان شان خدمت کے سلسلے میں اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ تمام تر علمی و فکری اور عملی صلاحیتوں کو نذر کر کے ایسی نظیر قائم کی ہے جس کا جواب نہیں قرآن مجید کی تفسیر کے سلسلے میں صحابہ کرام کی مقدس جماعت سے آج تک علما کرام اور مفسرین قرآن پاک کا ایک سنہری سلسلہ قائم ہے قرآن حکیم کی تلاوت، سماعت، فہم اور ارشادات کلام الٰہی پر عمل پیرائی کو ہر دور میں سعادت عظمیٰ مانا گیا اور ہمیشہ ایسا ہی سمجھا جاتا رہے گا۔ قرآن پاک کا سمجھنا اور فرامین قرآن کی اطاعت میں درحقیقت اسلام اور صالحیت کا نشان ہے علوم قرآنی کی تعلیم و تدریس، نشر و اشاعت اور توسیع و ترویج میں ایمانی سنجیدگی کے ساتھ ہمہ تن مصروف و مشغول رہنا علماء حقانی کی شناخت اور پہچان ہے۔  علماء کرام اور دانشور حضرات نے  آج صبح9 بجے ’’ایوان تاج العرفاء حمیدآباد‘‘ واقع شرفی چمن،سبزی منڈی اور 11.30بجے دن جامع مسجد محبوب شاہی ، مالاکنٹہ روڈ،روبرو معظم جاہی مارکٹ میں اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا ( آئی ہرک) کے زیر اہتمام 1205ویں تاریخ اسلام اجلاس کے موقع پر منعقدہ موضوعاتی مذاکرہ ’’قرآن حکیم‘‘میں حصہ لیتے ہوے ان خیالات کا مجموعی طور پر اظہار کیا۔ مذاکرہ کی نگرانی ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے کی۔قرآن حکیم کی آیات شریفہ کی تلاوت سے مذاکرہ کا آغاز ہوا۔ نعت شہنشاہ کونین ؐپیش کی گئی اہل علم اور باذوق روزہ دار سامعین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی جائنٹ ڈائریکٹر آئی ہرک نے کہا کہ قرآن مجید کی مسلسل تلاوت اور اس سلسلہ میں مداومت و پابندی کے لئے سرگرم ہو جانا ہر ایک کی اہم ذمہ داری ہے اس کے ساتھ قرآن فہمی کی پر جوش تحریک اور دیگر لوگوں تک پیغام قرآنی کو پہنچانا دعوت و اشاعت کے اہم ترین کام کا ایک ضروری حصہ ہے۔ مفتی سید محمد سیف الدین حاکم، ڈاکٹر سید محمد رضی الدین حسان، جناب سید محمد علی موسیٰ رضا نے بھی مخاطب کیا۔ دعائے سلامتی پر مذاکرہ اختتام کو پہنچا۔