اصلاح پسند سعودی شہزادہ طلال بن عبدالعزیز کا انتقال

ریاض ، 22 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی شہزادہ طلال بن عبدالعزیز کا آج بہ عمر 87 سال انتقال ہوگیا، اُن کے ارب پتی بیٹے نے یہ بات بتائی۔ وہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے سوتیلے بھائی تھے۔ پرنس ال ولید بن طلال نے ٹوئٹر پر لکھا کہ پرنس طلال نے آج داعی اجل کو لبیک کہا ہے۔ غمزدہ فیملی ریاض میں اپنے مکان پر سہ روزہ سوگ منائے گی۔ پُرجوش اصلاح پسند اور ’’سرخ شہزادہ‘‘ کہلائے گئے طلال بن عبدالعزیز اصلاحات کی بے تکان وکالت کیلئے معروف تھے، بعض اوقات تو وہ اصلاحات کیلئے شاہی خاندان سے ٹکرانے پر آمادہ ہوجاتے تھے۔ انھوں نے طویل عرصہ تک جدوجہد کی کہ سعودی خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دی جائے، اور یہ حق آخرکار رواں سال ہی سلطنت کی خاتون شہریوں کو عطا کیا گیا۔