اصلاح اعمال کی اہم ترین صورت اصلاح نفس ہے

مرکزی سنی اجتماع سے مولانا سید شجاعت علی سراج قادری کا خطاب

حیدرآباد ۔ 25 ۔ مارچ : ( راست ) : اصلاح اعمال ، اصلاح معاشرہ کی اہم ترین صورت اصلاح نفس ہے ۔ اور شیطان سے دوری میں ہے مومن اور مسلمان شیطان اور نفس کے مکرو فریب سے واقف ہو کر نفس اور شیطان کی چالوں سے اپنے آپ کو بچالیتا ہے تو پھر اللہ و رسول کی خوشنودی حاصل ہوجاتی ہے ۔ قرآن پاک میں شیطان کو کھلا دشمن بتلایا گیا ہے اور نفس کی ترغیبوں سے محفوظ رہنے پر زور دیا گیا ہے ۔ نفس کی شرارت اور شیطان کے حربے اس انداز کے ہوتے ہیں ان کا سمجھنا ہر مومن و مسلمان کے لیے مشکل ہے ۔ بڑے پکے نمازی ، متقی ، دین کے کام کرنے والے بھی شیطان اور نفس کی چکر میں آجاتے ہیں ان کی مکاریوں اور دلفریبوں سے محفوظ رہنے کا واحد راستہ رسول پاک ﷺ کے قدموں سے وابستہ ہوجانے میں ہے ۔ محبوب رب العالمین ﷺ کی شریعت کی پابندی آپ کی اتباع و اطاعت آپ سے والہانہ محبت و ادب کے ساتھ کی جائے تو نفس و شیطانی اعمال سے حفاظت ہوجاتی ہے ۔ حق شناسی حق رسی دامن مصطفی ﷺ سے وابستہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مرکز اہل سنت جامع مسجد افضل گنج میں مولانا سید شجاعت علی سراج قادری نے ہفتہ واری مرکزی سنی اجتماع میں کیا جس کا اہتمام کل ہند مرکزی مجلس اہل سنت و جماعت تیس سال سے کرتی آرہی ہے ۔ قرات کلام پاک اور نعت شریف سے اجتماع کا آغاز ہوا ۔۔