اشون ٹسٹ کے نمبر ون بولر اور آل راؤنڈر

دبئی۔31ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے آف اسپنر روی چندرن اشون 2015 کا بحیثیت  نمبر ایک ٹسٹ بولر اور بہترین آل راؤنڈر اختتام کیا ہے جیسا کہ آئی سی سی نے آج تازہ ترین درجہ بندی جاری کی ہے ۔ اشون جنہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف منعقدہ گھریلو ٹسٹ سیریز میں شاندار مظاہرے کئے ہیں ۔ علاوہ ازیں 2015ء میں اشون نے 9ٹسٹ مقابلوں میں 62وکٹیں حاصل کی ہیں ۔ نیز جنوبی افریقہ کے خلاف چار ٹسٹ مقابلوں میں 31وکٹیں حاصل کرنے والے اشون یہ کارنامہ انجام دینے والے 1973ء کے بعد پہلے کھلاڑی بنے ہیں ۔ 1973ء بشن سنگھ بیدی نے نمبر ایک بولر ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا ۔ دلچسپ حقیقت یہ بھی ہے کہ آئی سی سی کے ہال آف فیم میںشامل ہونے والے بیدی ہندوستان کے اب تک وہ واحد بولر تھے جنہوں نے ٹسٹ درجہ بندی میں پہلا مقام حاصل کیا ہو جب کہ بھگوت چندر شیکھر ‘ کپل دیو اور انیل کمبلے اپنے کریئر کے دوران درجہ بندی میں دوسرا مقام حاصل کیا تھا ۔ 29سالہ اشون کیلئے 2015ء اس لئے بھی یادگار سال ثابت ہوا کیونکہ اب وہ ٹسٹ کی آل راؤنڈر کی درجہ بندی میں پہلے مقام پر فائز ہوچکے ہیں جیسا کہ تین برس قبل انہوں نے یہ اعزاز حاصل کیا تھا ۔ اشون نے آئی سی سی کے بولروں کی درجہ بندی میں پہلا مقام جنوبی افریقی فاسٹ بولر ڈیل اسٹین سے چھین لیا ہے جیسا کہ انگلینڈ کے خلاف منعقدہ پہلے ٹسٹ میں زخمی ہونے سے قبل اسٹین صرف 3.5اوورس ہی ڈال سکے ۔ ڈیل اسٹین نے ڈربن ٹسٹ کا آغازجب کیا تھا تو وہ ہندوستانی آف اسپنر اشون سے درجہ بندی کے چار نشانات آگے تھے لیکن اب تازہ ترین درجہ بندی میں وہ چار نشانات کے فرق سے اشون سے پیچھے ہوچکے ہیں ۔ حالانکہ اسٹین نے پہلی اننگز میں چار وکٹیں حاصل کی تھیں لیکن ان چار وکٹوں کے حصول کا اسٹین کو فائدہ نہیں ہوا اور وہ درجہ بندی میں اپنا پہلا مقام گنوا چکے ہیں ۔ اشون نے اس موقع پر کہا کہ مسٹر بیدی کے بعد نمبر ایک بولر ہونے کا اعزاز حاصل کرنا فخر کی بات ہے تاہم گذشتہ 12مہینوں کی محنت کا یہ نتیجہ ہے ۔