اشون ورلڈ کپ کی ٹیم میں واپسی کیلئے پرعزم

ممبئی۔21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) گزشتہ تقریبا دو سال سے محدود اوورکی ہندوستانی ٹیم میں مکمل طور پرنظر انداز کئے جانے والے آف اسپنر روی چندرن اشون نے کہا ہے کہ وہ اس فارمیٹ کے کوئی اناڑی کھلاڑی نہیں ہیں۔ تجربہ کار اورکامیاب بولروں میں شامل اشون طویل عرصے سے ہندستان کی ونڈے اور ٹوئنٹی 20 ٹیموں سے باہر ہیں اور کپتان وراٹ کوہلی کلائی کے اسپنروں کلدیپ یادو اورجویندر چہل پر زیادہ انحصار کر رہے ہیں۔ رویندر جڈیجہ بھی ایک سال تک محدود اوورز کی ٹیم سے باہر رہے تھے لیکن گزشتہ چند ماہ میں وہ چھوٹے فارمیٹ میں کھیل رہے ہیں۔ ورلڈ کپ ٹیم کے لئے ان تین اسپنروں میں سے دوکا منتخب ہونا ہے اور اشون کی واپسی کی کوئی امید نہیں ہے۔ اشون آخری مرتبہ 2017 میں ویسٹ انڈیز میں انٹیگا میں ٹیم کی نمائندگی کی تھی ۔ اشون نے کہاکہ میں ٹیم سے اس لئے باہر نہیں ہوںکیونکہ میں خراب کھیل رہا ہوں بلکہ یہ طلب اور دستیابی کے مطابق چل رہا ہے۔ اشون گزشتہ کافی عرصے سے صرف ٹسٹ ٹیم کا صرف حصہ بن کر رہ گئے ہیں لیکن وہ خود کو صرف ٹسٹ کے ماہر کھلاڑی نہیں مانتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میں خودکو صرف ٹسٹ کا کھلاڑی نہیں مانتا ہوں کیونکہ میں کوئی اناڑی نہیں ہوں۔ میں محدود اوورکی کرکٹ کھیلا ہوں او میرے ریکارڈ بھی بہت اچھے ہیں۔ یہ صرف سوچ ہے کہ کلائی کے اسپنر جدید دور میں محدود اوورمیں اچھاکر سکتے ہیں اورشاید اسی لئے میں باہر بیٹھا ہوں۔