اسلام آباد، 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے صدر اشرف غنی نے پڑوسی ملک پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی کوششوں کے تحت کرکٹر سے سیاستداں بننے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کو کابل آنے کی دعوت دی ہے ۔ مسٹر اشرف غنی نے اتوار کو ٹویٹ کیا کہ "میں نے مسٹر عمران خان کو دعوت دی ہے اور انہوں نے جلد ہی کابل آنے کی خواہش ظاہر کی ہے "۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں فریقین پچھلی باتوں کو بھول کر دونوں ممالک کے روشن سیاسی، سماجی اور اقتصادی مستقبل کے لئے نئی بنیاد قائم کرنے پر متفق ہو گئے ہیں۔ پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چودھری کے مطابق مسٹر عمران خان نے مسٹر اشرف غنی سے کہا ہے کہ پاکستان، افغانستان میں مکمل امن چاہتا ہے اور پی ٹی آئی کی قیادت والی حکومت پاکستان اور افغانستان کے درمیان بہتر تعلقات کی خواہاں ہے ۔ مسٹر عمران خان نے پاکستان میں عام انتخابات کے بعد اپنے خطاب میں کہا تھا کہ ان کی حکومت افغانستان کے ساتھ بہتر تعلقات بنانا چاہے گی۔