اشتعال انگیز تقاریر، سادھوی کیخلاف مقدمہ

حیدرآباد۔30۔ ستمبر (سیاست نیوز) حسینی علم پولیس نے جاریہ سال گنیش وسرجن کے موقع پر اشتعال انگیز تقاریر کرنے والی مدھیہ پردیش کی سادھوی وبھا ننداگیری کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 8 ستمبر کو گنیش وسرجن کے دوران چارمینار کے قریب اکھل بھارتیہ سادھوی شکتی پریشد مدھیہ پردیش کی نائب صدر سادھوی وبھانندا گیری نے گنیش بھکتوں کو مخاطب کرتے ہوئے دونوں فرقوں کے درمیان منافرت پھیلانے والی اشتعال انگیز تقریر کی تھی۔ سادھوی کو بھاگیہ نگر گنیش سمیتی نے گنیش وسرجن 2014 ء کے موقع پر خصوصی طور پر مدعو کیا تھا جس پر اس نے یہ شر انگیزی کی تھی۔ ایڈوکیٹ غلام ربانی نے حسینی علم پولیس سے شکایت درج کراتے ہوئے سادھوی اور بھاگیہ نگر گنیش اتسو سمیتی کے خلاف ایک شکایت درج کرائی تھی جس پر حسینی علم پولیس نے یہ مقدمہ 153-A اور 295-A کے تحت درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔