اشتعال انگیز بیان پر احتجاج ، پاکستان میں ایرانی سفیر کی طلبی

اسلام آباد ۔ 9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج ایرانی سفیر کو طلب کرتے ہوئے ایران کے فوجی سربراہ کے اشتعال انگیز بیان پر تشویش کا اظہار کیا۔ فوجی سربراہ نے کہا تھاکہ اگر پاکستان میں موجود دہشت گرد عناصر کے خلاف حکومت کوئی کارروائی نہیں کرے گی تو ایران کی  جانب سے دہشت گردوں کے تمام محفوظ ٹھکانوں کو تباہ و برباد کردیا جائے گا۔ اس وقت سرحد پار دہشت گرد حملوں کی روک تھام کیلئے پاکستان کوئی ٹھوس کارروائی نہیں کررہا ہے۔ ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے میجر جنرل محمد باقری کے بیان کا حوالہ دیا کہ پاکستان اگر اپنی سرحدوں کی حفاظت نہیں کرسکتا، دہشت گردوں کو گرفتار نہیں کرسکتا اور ان کے ٹھکانوں کو تباہ و برباد نہیں کرتا تو پھر یہ کام ایران کو کرنا پڑے گا اور ایران دہشت گردوں کے تمام محفوظ ٹھکانوں کو (چاہے وہ کہیں بھی ہوں) تباہ و برباد کردے گا۔ یاد رہیکہ جنرل باقری کا بیان ایک ایسے وقت سامنے آیاہے جب دہشت گردوں سے مقابلہ آرائی کے وقت ایرانی بارڈر ٹروپس ہلاک ہوگئے تھے۔