اسکول کے افتتاح کے فوری بعد بند کردینے کی نوٹس

ریاستی وزیر لیبر ملا ریڈی ، تلگو فلم اسٹار وینکٹیش اور دل راجو نے افتتاح کیا تھا
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر محنت و روزگار تلنگانہ مسٹر ملا ریڈی ، تلگو فلم اسٹار مسٹر وینکٹیش اور تلگو فلم ڈائرکٹر دل راجو کے ہاتھوں گھٹکیسر منلال میں ایک خانگی اسکول کا عالیشان پیمانہ پر افتتاح عمل میں آنے کے اندرون ایک گھنٹہ میں اسکول عمارت کی دیوار پر منظورہ اسکول نہ ہونے کی وجہ سے اسکول بند کردینے کی محکمہ تعلیمات کی جانب سے نوٹس چسپاں کرنے کا دلچسپ واقعہ پیش آیا اور اس طرح ایک ریاستی وزیر کے ہاتھوں افتتاح عمل میں لائے جانے والے اسکول کو باقاعدہ منظوری و مسلمہ موقف نہ رہنے کا واقعہ عوام میں موضوع بحث بنا ہوا ہے ۔ بالخصوص وزیر کے ہاتھوں افتتاح ہونے کے اندرون ایک گھنٹہ ہی محکمہ تعلیمات کی جانب سے اسکول بند کردئیے جانے کا انتباہ دیتے ہوئے اسکول عمارت کی دیوار پر نوٹس چسپاں کردینا ہر گوشہ میں مذاق بن کر رہ گیا ۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ میڑچل ملکاجگیری ضلع کے منڈل گھٹکیسر کے نارا پلی میں ’ رویز انٹرنیشنل اسکول ‘ کا مذکورہ وزیر موصوف و دیگر شخصیتوں کے ہاتھوں گذشتہ دن افتتاح عمل میں آیا لیکن بعد ازاں پتہ چلا کہ اسکول کو محکمہ تعلیم کی جانب سے کوئی منظوری حاصل نہیں ہے اور نہ ہی کسی اور اسکول سے ملحقہ بھی نہیں ہے ۔ اس افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر محنت و روزگار مسٹر ملا ریڈی نے کہا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی میں کارپوریٹ تعلیمی اداروں کو اہم رول ادا کرنا چاہئے لیکن بعد ازاں دلچسپ واقعہ یہ پیش آیا کہ اسکول کو بند کردینے کا انتباہ دیتے ہوئے محکمہ تعلیمات کی جانب سے اسکولی عمارت کی دیوار پر واضح طور پر یہ تحریر کرتے ہوئے یہ اسکول منظورہ نہیں ہے ، لہذا اس کو بند کردیا جائے ۔ یہ نوٹس منڈل ایجوکیشن آفیسر کی جانب سے چسپاں کروائی گئی ۔ منڈل ایجوکیشن آفیسر نے بتایا کہ اسکول انتظامیہ کو متعدد مرتبہ اسکول کی منظوری کے حصول کے لیے نوٹسیں جاری کی گئیں لیکن اسکولی انتظامیہ نے دی گئی نوٹسوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اجازت کے حصول کے لیے اپنی کوئی دلچسپی کا اظہار نہیں کیا اور باقاعدہ طور پر اسکول کا افتتاح کروا کر عوام کو دھوکہ دیتے ہوئے داخلوں کا بھی آغاز کردیا تھا ۔ جس کے پیش نظر ہی عوام کو آگاہ کرنے اور دھوکہ میں نہ آنے کے لیے ہی باقاعدہ طور پر انتباہی نوٹس چسپاں کردی گئی اور اس کے باوجود منظوری کے حصول کے لیے کوئی پہل نہ کرنے کی صورت میں سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ۔۔