اسکول ٹیچرس کی حاضری آن لائن طرز پر ہوگی

نئے تعلیمی سال سے عملی اقدامات کا آغاز ، شعبہ تعلیم میں خصوصی کارروائی

حیدرآباد ۔ 30 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : حکومت تلنگانہ مدارس کو نہ جاکر حاضری ڈلوانے والے ( رجسٹر حاضری میں دستخط کرنے والے ) سرکاری اسکول ٹیچرس پر کڑی نظر رکھنے کے لیے پہلی مرتبہ ریاستی محکمہ تعلیم کے ذریعہ انقلابی نوعیت کے اقدامات کرے گی اور اس سلسلہ میں سرکاری مدارس کے ٹیچرس ( اساتذہ کے لیے ) آن لائن حاضری کے طریقہ کار کو متعارف کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ آئندہ نئے تعلیمی سال 2018-2019 سے اس نئے طریقہ کار پر عمل آوری کرنے کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کئے جائیں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس عملی اقدامات کے ایک حصہ کے طور پر اپنی حاضری کو درج کروانے کے لیے خصوصی طور پر اسکول ویب سائٹ کو مرتب کرنے کے ساتھ ساتھ موبائل ایپ کو بھی دستیاب رکھا جائے گا تاکہ اس کے ذریعہ اساتذہ کی حاضری کے عمل کو مکمل طور پر آن لائن کے ذریعہ انجام دیا جاسکے اور بتایا گیا کہ جو کوئی بھی ٹیچر رخصت لینا چاہتے ہوں وہ ایپ کے ذریعہ اطلاع دے دینا کافی ہوجائے گا اور یہ مکمل تفصیلات جب کا تب ہی متعلقہ اعلی عہدیداران محکمہ تعلیم کو پہونچ جائیں گی ۔ علاوہ ازیں اسکول حاضر ہونے والے ٹیچرس ( اساتذہ ) بھی اسی ایپ کے ذریعہ اپنی حاضری ڈالولیں تو ان اساتذہ کی حاضری شامل ہوجائے گی ۔ اس کے ساتھ ساتھ صدور مدارس کو بھی اسی ایپ کے ذریعہ ویب سائٹ میں روزانہ بلا ناغہ اساتذہ کی حاضری کو درج کرنا پڑے گا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس سلسلہ میں انقلابی نوعیت کے اقدامات کا آغاز کرنے سے قبل عہدیداروں کے ساتھ اساتذہ یونینوں کے نمائندوں کے ہمراہ ایک اہم اجلاس طلب کیے جانے کا امکان پایا جاتا ہے ۔۔