اسکولی نصاب میں نرسمہا راو پر مضمون شامل کرنے حکومت تلنگانہ کا فیصلہ

کریم نگر 28 جون (آئی این این ) ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ بی ونود کمار نے اتوار کو اعلان کیا کہ حکومت تلنگانہ اسکولی نصاب میں سابق وزیر اعظم آنجہانی پی وی نرسمہا راو کی حیات اور کارناموں پر ایک نیا مضمون شامل کرے گی۔ ونود کمار نے یہاں نرسمہا راو کے 94 ویں یوم پیدائش تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تلنگانہ ریاست کے اہم مقامات پر سابق وزیر اعظم کے مجسمے نصب کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ آنجہانی نرسمہا راو نے معاشی اصلاحات نافذ کرتے ہوئے ملک کو ترقی کے ایک نئے راستے پر گامزن کیا تھا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس پارٹی نے خود اپنے ہی اس عظیم لیڈر کو نظر انداز کردیا جن کے کارناموں پر سارا ملک فخر کرتا ہے ۔