اسکولی طالبات پر چاقوزنی، طالبہ سمیت 3 افراد ہلاک

ٹوکیو ۔ 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جاپان میں چاقو بردار ایک شخص کے اسکول کی طالبات پر حملے کے نتیجے میں دو طالبات ہلاک اور 16 زخمی ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے طالبات کو نشانہ بنانے کے بعد خود پر بھی چھریوں کے وار کرکے خودکشی کرلی۔ واقعہ منگل کو دارالحکومت ٹوکیو کے نواحی شہر کاواساکی میں پیش آیا۔ تاحال حملے کی وجوہات کا علم نہیں ہو سکا ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دونوں ہاتھوں میں چاقو تھامے ایک شخص نے طالبات کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ اسکول بس سے اتری ہی تھیں۔ بس ڈرائیور نے دعویٰ کیا ہے کہ حملہ آور نے بس میں سوار ہونے کی بھی کوشش کی تھی جس میں مزید طالبات موجود تھیں۔ جاپان کے سرکاری ٹی وی ‘این ایچ کے’ مطابق حملہ آور کی عمر 40 سے 50 کے لگ بھگ تھی اور اس نے طالبات پر حملے سے قبل چیخ کر کہا تھا کہ “میں تمہیں قتل کر دوں گا۔”کاواساکی کی شہری انتظامیہ کے مطابق حملے میں زخمی ہونے والے طالبات میں سے تین کی حالت تشویش ناک ہے۔ حکام نے ہلاک ہونے والی طالبہ کی عمر بارہ سال تھی تاہم زخمی ہونے والی طالبات کی عمریں معلوم نہیں ہو سکیں۔ حکام کے مطابق حملے کا نشانہ بننے والی طالبات میں سے بیشتر ایک عیسائی مشنری اسکول میں زیرِ تعلیم ہیں جو کینیڈا کے سے تعلق رکھنے والی کیتھولک راہباویں کا ایک ادارہ چلاتا ہے۔