اسکولس کیلئے میناریٹی اسٹاٹس سرٹیفیکٹ کی اجرائی کو سہل بنانے پر زورمسلم ایجوکیشنل سوسائٹی کا چیف منسٹر کو مکتوب

حیدرآباد ۔ 30 ۔ اکٹوبر : ( پریس نوٹ): مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی تلنگانہ اور اے پی یونین کے جنرل سکریٹری ایم ایس فاروق نے چیف منسٹر تلنگانہ کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے اقلیتوں کی جانب سے چلائے جانے والے اسکولس کو میناریٹی اسٹاٹس سرٹیفیکٹ کی اجرائی کے عمل کو آسان اور سہل بنانے کے لیے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دینے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ ریاست میں سابق حکومتوں نے اقلیتوں کی جانب سے چلائے جانے والے اداروں کو میناریٹی اسٹاٹس سرٹیفیکٹ کی اجرائی کو محدود کردیا تھا ۔ پروفیشنل کالجس کو یہ موقف عطا کرنے کے لیے جو رہنمایانہ خطوط بنائے گئے ہیں اسکولس کے لیے بھی اسی کو معیار بنایا جارہا ہے جو کہ مناسب نہیں ہے ۔ ریاست میں ایک پرائمری اسکول کھولنے کے لیے اجازت دینے کا اختیار متعلقہ ڈی ای او کو ہے اور ہائی اسکولس کے لیے آر جے ڈی ایس ای کو یہ اختیار ہے لیکن تمام سطحوں پر میناریٹی اسٹاٹس سرٹیفیکٹ جاری کرنے کا اختیار پرنسپال سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود کو ہے ۔ اس کے عمل کو آسان بنانے کے لیے میناریٹی کمیشن کو بھی اس کے لیے مجاز بنایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورت میں اقلیتوں کی جانب سے چلائے جانے والے اسکولس کو حکومت کی مدد کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے چیف منسٹر سے اس سلسلہ میں ضروری اقدامات کرنے کی اپیل کی ۔۔