اسکامس پر سینئر بی جے پی لیڈر کا اظہار تشویش

’’ہمیں تاریخ معاف نہیں کریگی ، امیت شاہ کو شانتاکمار کا مکتوب
نئی دہلی ۔ 21جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر شانتا کمار نے اپنی پارٹی کے صدر امیت شاہ کے نام ایک دھماکہ خیز مکتوب میںچند بی جے پی قائدین کے خلاف رشوت ستانی کے الزامات پر گہری تشویش کااظہار کیا ہے ۔ انھوں نے رشوت ستانی اور بدعنوانیوں پر کنٹرول کیلئے بی جے پی میں ’لوک پال ‘ کے قیام کی ضرورت پر زور دیا ۔ تاہم بی جے پی نے شانتا کمار کے بیان سے بے تعلقی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ( شانتا کمار ) دراصل کانگریس کے پروپگنڈہ سے متاثر معلوم ہوتے ہیں اور پارٹی ان کے نظریات سے بالکلیہ طورپر بے تعلقی اختیار کرتی ہے ۔ ہماچل پردیش کے سابق چیف منسٹر اور سابق مرکزی وزیر 80 سالہ شانتا کمار پاک صاف امیج کے حامل ہیں تاہم دیگر سینئر بی جیپی قائدین کی طرح وہ بھی وزیراعظم نریندر مودی اور بی جاے پی کے صدر امیت شاہ کی طرف سے نظرانداز کئے جاچکے ہیں۔ شانتا کمار نے امیت شاہ کے نام اپنے مکتوب میں وزیر خارجہ سشما سوراج ، راجستھان کی چیف منسٹر وسندھرا راجے سندھیا ، مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان اور مہاراشٹرا کی وزیر پنکجا منڈے پر عائد کئے گئے الزامات کا تذکرہ کیا اور کہا کہ ان کا جائزہ لیا جانا چاہئے کیونکہ یہ الزامات اچانک منظرعام پر نہیں آئے ہیں۔ شانتا کمار نے امیت شاہ سے کہا کہ ’’بی جے پی عوام کی آخری اُمید ہے اور ہم اگر عوام کی توقعات پر پورے نہ اُتریں تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کریگی ‘‘۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر راجیو پرتاب روڈی نے شانتا کمار کے نظریات سے بے تعلقی اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم انھیں (شانتا کمار کو) ایک پختہ کار لیڈر سمجھتے ہیں لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ کانگریس کے پروپگنڈہ سے متاثر ہوگئے ہیں۔ انھوں نے جو کچھ بھی لکھا ہے اور کہا ہے اس سے ہم مکمل طورپر بے تعلقی اختیار کرتے ہیں ‘‘۔