اسپیکرس کی چوٹی کانفرنس میں شرکت سے پاکستان کا انکار

نئی دہلی ؍ اسلام آباد ۔30جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )ہند ۔ پاک تعلقات میں سردمہری پیدا ہوجانے کے بعد پاکستان نے ہندوستانی پارلیمنٹ اور بین پارلیمانی یونین کا جنوبی ایشیاء کے اسپیکرس کی چوٹی کانفرنس کا دعوت نامہ مسترد کردیا ہے۔ یہ چوٹی کانفرنس آئندہ ماہ مقرر ہے ۔ پاکستان اور میانمار جنوبی ایشیائی ممالک میں وہ ملک ہیں جنھیں اندور میں مقرر 18 تا 19 فبروری اسپیکرس چوٹی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی ، لیکن انھوں نے اسے مسترد کردیا۔ قومی اسمبلی پاکستان کے اسپیکر سردار ایاز صادق کو اس علاقائی چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لئے مدعو کیا گیا تھا لیکن اسلام آباد میں ایک سینئر عہدیدار نے کہاکہ صادق اس چوٹی کانفرنس میں اہم قومی مصروفیات کی وجہ سے شرکت نہیں کرسکیں گے ۔