اسپورٹس فیڈریشنس کیلئے رجسٹریشن لازمی

گرانٹس کی اجرائی رجسٹریشن سے مشروط : وزارت کھیل کود
نئی دہلی ، یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزارت کھیل کود نے تمام نیشنل اسپورٹس فیڈریشنس (NSFs) کیلئے لازمی قرار دیا ہے کہ وہ گرانٹس حاصل کرنا چاہتے ہیں تو NGO-PS پورٹل پر اُن کا رجسٹریشن ہوجائے۔ اسپورٹس منسٹری کے ایک بیان میں بتایا گیا کہ نیتی آیوگ نے تمام غیرسرکاری آرگنائزیشنس کیلئے ’’این جی او۔ پی ایس (پارٹنرشپ سسٹم) پورٹل‘‘ پر رجسٹریشن لازمی قرار دیا ہے، جس کے بغیر وہ حکومت ہند کے کوئی بھی محکمہ؍ وزارت سے گرانٹس حاصل نہیں کرپائیں گے۔ کسی بھی منسٹری کی طرف سے کوئی رقم ایسی غیرسرکاری تنظیم کیلئے جاری نہیں کی جائے گی جس نے NITI Aayog NGO-PS Portal کے پاس اپنا رجسٹریشن نہیں کرایا ہے۔ نیشنل اسپورٹس فیڈریشنس حکومتی ادارے ؍ تنظیمیں نہیں ہیں اور انھیں حکومت ہند سے گرانٹس حاصل ہوتے ہیں۔ لہٰذا ، اُن کیلئے این جی او۔ پی ایس پورٹل کے پاس اپنا رجسٹریشن کرانا ضروری ہے تاکہ انھیں گرانٹس بدستور جاری کی جاتی رہیں۔ اس ضمن میں تمام فیڈریشنس کو پیام ارسال کیا جاچکا ہے کہ این جی او ۔ پی ایس پورٹل کے پاس رجسٹریشن کرالیں اور اُن میں سے کئی ایسا کرچکے ہیں۔ مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ ذمہ داری) برائے امورِ نوجوانان و کھیل کود وجئے گوئل نے کہا کہ اس طرح کا رجسٹریشن شفافیت کے مفاد میں ہے اور انھوں نے تمام فیڈریشنس سے رجسٹریشن کرالینے کی اپیل کی ہے۔