اسپنسرس کے تلنگانہ و اے پی میں آؤٹ لیٹس

حیدرآباد 7 جون (سیاست نیوز) ریٹیل ہائپر مارکٹ چین ’’اسپنسرس‘‘ ریاست تلنگانہ و آندھراپردیش میں اپنے 50 آؤٹ لیٹس قائم کرے گا۔ غیر منقسم ریاست آندھراپردیش میں اسپنسرس کی جانب سے 36 آؤٹ لیٹس قائم کئے جاچکے ہیں اور پہلے آؤٹ لیٹ کا آغاز سال 2000 ء میں مشیرآباد سے کیا گیا تھا اور اب اسپنسرس آؤٹ لیٹس 36 تک پہونچ چکے ہیں۔ مسٹر ایس ایم رما ناتھن وائس پریسڈنٹ نے یہ بات بتائی۔ اُنھوں نے بتایا کہ اسپنسرس کی جانب سے دونوں ریاستوں میں 500 کروڑ کے کاروبار کی توقع کی جارہی ہے اور آئندہ چند برسوں میں 50 آؤٹ لیٹس قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔ کمپنی فی الحال ملک بھر میں 129 ریٹیل آؤٹ لیٹس چلارہی ہے اور کمپنی کا سالانہ کاروبار 1688 کروڑ سے تجاوز کرچکا ہے۔ دونوں ریاستوں آندھراپردیش و تلنگانہ میں کمپنی کی جانب سے نئے آؤٹ لیٹس قائم کئے جانے کی صورت میں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہونے کا امکان ہے۔ ریاست تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے متعلق کمپنی کا کہنا ہے کہ نئی ریاست میں سرمایہ کاری و کاروبار کے مواقع موجود ہیں۔ اسی طرح منقسم ریاست آندھراپردیش کے نئے دارالحکومت میں بھی کمپنی اپنے آؤٹ لیٹس کو وسعت دینے کے اقدامات کررہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اسپنسرس کی جانب سے دونوں ریاستوں میں نئے آؤٹ لیٹس کے قیام کی منصوبہ بندی جاری ہے اور بہت جلد نئے آؤٹ لیٹس کے متعلق ضلع واری اساس پر منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کی کارروائی مکمل کرلی جائے گی۔