اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی اعلیٰ سطحی عہدیدار کا دورہ پاکستان

اسلام آباد ۔ 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ایک اعلیٰ سطحی عہدیدار اس وقت پاکستان کے دورہ پر ہیں جہاں وہ اعلیٰ سطحی پاکستانی عہدیداروں کے ساتھ دورخی اور علاقائی معاملات پر بات چیت کے علاوہ افغانستان میں قیام امن کے موضوع پر بھی تبادلہ خیال کریں گی ۔دریں اثناء پاکستان کے دفترخارجہ کے ترجمان محمد فیصل نے توثیق کرتے ہوئے کہا کہ پرنسپل ڈپٹی سکریٹری آف اسٹیٹ برائے جنوبی اور وسطحی ایشیاء اور سفیر ایلائس ویلیز 6 نومبر کو پاکستان کا دورہ کررہی ہیں۔ وزارت امورخارجہ کے سینئر عہدیداروں کے ساتھ مختلف موضوعات پر بات چیت ان کے ایجنڈہ میں شامل ہے۔ مسٹر فیصل نے مزید کہا کہ محترمہ ایلائس کے دورہ کا مقصد پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کے درمیان ہوئی بات چیت کو آگے بڑھانا ہے اور اس پر عمل آوری کی راہ ہموار کرنا ہے تاکہ دونوں ممالک (پاکستان اور امریکہ) کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کیا جاسکے۔ یاد رہے کہ قریشی اور پومپیو قبل ازیں اسلام آباد میں ملاقات کرچکے ہیں اور یہ ملاقات اتنی حوصلہ افزاء ثابت ہوئی ہے کہ اس پر مزید پیشرفت اس وقت کی گئی جب پاکستان کے وزیرخارجہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کیلئے واشنگٹن تشریف لائے تھے۔ دوسری طرف سفارتی ذرائع نے بتایا کہ سفیر ویلنیر اپنی بات چیت کو نہ صرف پاک۔ امریکہ مستحکم تعلقات پر مرکوز رکھیں گی بلکہ افغان امن مذاکرات کے آغاز کیلئے بھی سازگار ماحول بنائیں گی۔