اسٹین پھر سے عالمی نمبر ایک ٹسٹ بولر !

دبئی ، یکم سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) عالمی شہرت یافتہ جنوبی افریقی فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نیوزی لینڈ کے خلاف ٹسٹ میں شاندار بولنگ کی بدولت ایک مرتبہ پھر عالمی نمبر 1 ٹسٹ بولر بن گئے ہیں۔ سنچورین میں جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ٹسٹ میں اسٹین نے مجموعی طور پر 99 رنز کے عوض 8 وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کی 204 رنز کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی پروٹیز نے سیریز بھی 1-0 سے جیت لی اور وہ عالمی رینکنگ میں ساتویں سے پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔ اس شاندار کارکردگی کی بدولت وہ رینکنگ میں روی چندرن اشوین اور جیمز اینڈرسن کو پیچھے چھوڑ کر دو درجے ترقی کرتے ہوئے ایک بار پھر عالمی نمبر ایک بولر بن گئے ہیں۔ اسٹین ڈسمبر 2015ء میں انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز کے دوران کندھے کی انجری کا شکار ہونے کے بعد عالمی نمبر ایک کے اعزاز سے محروم ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ بقیہ دونوں جنوبی افریقی فاسٹ بولر ورنن فلانڈر اور کگیسو رباڈا بھی ترقی کر کے ترتیب وار 11 ویں اور 27ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ سنچورین ٹسٹ میں سنچری بنانے والے جنوبی افریقہ کے عارضی کپتان فاف ڈوپلیسی کو بھی عمدہ کارکردگی کا انعام مل گیا اور وہ نو درجے ترقی کے بعد 24ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔