اسمتھ کی شاندار سنچری، آسٹریلیا نے انگلینڈ کو شکست دی

ساؤتھمپٹن۔26مئی (سیاست ڈاٹ کام ) سابق کپتان ا سٹیون اسمتھ (116) کی شاندار سنچری کی بدولت گزشتہ چمپئن آسٹریلیا نے میزبان انگلینڈ کو ورلڈ کپ کے دلچسپ پریکٹس میچ میں ہفتہ کو 12 رن سے شکست دے کر اشارہ دے دیا کہ وہ اپنا خطاب بچانے کے لئے تیار ہے ۔آسٹریلیا نے 50 اوور میں نو وکٹ پر 297 رن کا مضبوط اسکور بنایا اور انگلینڈ کے چیلنج کو 49.3 اوور 285 رن پر روک دیا۔ انگلینڈ کو آخری اوورز میں فنشر کی کمی کھلی۔ انگلینڈ کو آخری اوور میں 15 رن بنانے تھے لیکن دو وکٹ گنوانے کے ساتھ ہی اس کی اننگز سمٹ گئی۔ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے انگلینڈ نے 39 رنز کی ٹھوس شروعات کی لیکن اس کے بعد اس کے وکٹ باقاعدہ وقفے میں گرتے رہے ۔ جیمز ونس اور اس میچ میں کپتانی سنبھال رہے جوس بٹلر نے چوتھے وکٹ کے لئے 71 رن کی ساجھے داری کي اوپنر جانی بیرسٹو نے 12 اور جیسن رائے نے 32 رن بنائے ۔ بین اسٹوکس نے 20 رن بنائے ۔ جیمز ونس نے 76 گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے 64 رن بنائے ۔ بٹلر نے محض 31 گیندوں پر 52 رن میں پانچ چوکے اور تین چھکے لگائے ۔ معین علی نے 26 گیندوں پر 22 رن بنائے ۔انگلینڈ کا ساتواں وکٹ 250 کے اسکور پر گرا۔ انگلینڈ کے میچ پھنستا نظر آ رہا تھا کہ کرس ووکس نے مورچہ سنبھال لیا اور انگلینڈ کے اسکور کو آگے بڑھانے لگے ۔ لیکن ایک سنگل چرانے کی کوشش میں ووکس مارکس اسٹوینس کے راست تھرو پر رن آؤٹ ہو گئے ۔ ووکس نے 44 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 40 رن بنائے ۔انگلینڈ کو آخری اوور میں جیت کے لئے 15 رنز چاہئے تھے لیکن پہلی گیند پر لیام پلنکٹ آؤٹ ہو گئے ۔ پلنکٹ نے 19 رن بنائے ۔ اس اوور کی تیسری گیند پر جوفرا آرچر رن آؤٹ ہو گئے اور آسٹریلیا نے مقابلہ جیت لیا۔