اسمتھ اور وارنر کی ورلڈ کپ ٹیم میں واپسی ، فنچ کپتان برقرار

میلبورن۔15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) دفاعی چمپیئن آسٹریلیا نے ورلڈ کپ 2019 کے لیے اپنے 15رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا جس میں سابق کپتان اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی واپسی ہوئی ہے جبکہ جوش ہیزل ووڈ اور پیٹر ہینڈکومب اسکواڈ میں جگہ نہ بنا سکے جبکہ ہندوستان اور پاکستان کے خلاف سیریز میں ٹیم کو فتوحات دلوانے والے کپتان آرون فنچ کی ہی قیادت برقرار رکھی گئی ہے۔گزشتہ سال جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹسٹ میں بال ٹمپرنگ اسکینڈل کے بعد اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر پر کرکٹ آسٹریلیا نے فی کس ایک سال کی پابندی عائد کردی تھی جس کا خاتمہ گزشتہ ماہ ہوا ہے۔ آسٹریلیا نے اسٹیون اسمتھ کی اسکواڈ میں واپسی کے باوجود ورلڈ کپ کے لئے ارون فنچ کو ہی ٹیم کا کپتان برقرار رکھا ہے۔ دونوں کھلاڑیوں نے پابندی کے خاتمے کے بعد سے کوئی بین الاقوامی میچ نہیں کھیلا لیکن آئی پی ایل میں عمدہ فارم اور تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے دونوں کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کے اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے اور اب یہ دونوں یکم جون کو افغانستان کے خلاف ورلڈ کپ میچ میں آسٹریلیا کی نمائنددگی کریں گے۔ پابندی کی سزا مکمل کرنے کے بعد یہ دونوں کھلاڑی تو آسٹریلیائی اسکواڈ کا حصہ بن گئے لیکن حیران کن طور پر پیٹر ہینڈزکومب ٹیم شامل نہیں ہیں۔ ہینڈزکومب کا اسکواڈ سے اخراج کسی بڑے دھکے سے کم نہیں کیونکہ وہ ان دنوں ناصرف بہترین فارم میں تھے بلکہ متبادل وکٹ کیپر کی اضافی ذمے داریاں بھی نبھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ آسٹریلیا نے 15رکنی اسکواڈ میں 5 فاسٹ بولروں کو شامل کیا ہے لیکن اس میں جوش ہیزل ووڈ جگہ نہ بنا سکے کیونکہ وہ ابھی تک اپنے زخم سے مکمل طور پر صحتیاب نہیں ہو سکے اور سلیکٹروں نے ایشزکو مدنظر رکھتے ہوئے اس حوالے سے خطرہ مول نہیں لینا چاہتے۔ مچل اسٹارک کی بھی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے جبکہ ان کا ساتھ دینے کے لئے پیٹ کمنز، جھائے رچرڈسن، نیتھن کاؤلٹر نائیل اور جیسن بہرن ڈروف موجود ہوں گے۔ ارون فنچ نے گزشتہ 13ونڈے میچوں میں ٹیم کی نمائندگی کی اور ایک سنچری اور 3 نصف سنچریوں کی بدولت 43.54 کی اوسط سے رنز اسکور کیے ۔کپتان فنچ نے کہا کہ ہینڈزکومب کا اخراج ہم سب کے لیے مایوس کن ہے لیکن ہمیں چند سخت فیصلے لینا تھے اور بدقسمتی سے ان سخت فیصلوں میں ہینڈزکومب کا نام بھی شامل تھا۔ ٹیم میں ایلکس کیری واحد وکٹ کیپر ہیں آسٹریلیا نے اسکواڈ میں دو اسپنرز ایڈم زامپا اور نیتھن لایون کو شامل کیا ہے جبکہ عثمان خواجہ بھی جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لئے آسٹریلیا کا 15رکنی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
ارون فنچ(کپتان)، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، اسٹیون اسمتھ، شان مارش، گلین میکسویل، مارکس اسٹوئنس، ایلکس کیری، پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، جھائے رچرڈدسن، نیتھن کاؤلٹر نائیل، جیسن بہرن ڈروف، ایڈم زامپا اور نیتھن لایون۔