اسمبلی کے اطراف واکناف کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور خوبصورت بنانے کے اقدامات

تعمیراتی کاموں کو جلد تکمیل کی ہدایت ، کمشنر جی ایچ ایم سی سومیش کمار کا دورہ
حیدرآباد ۔ 31 اکٹوبر ۔ ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی کے بجٹ سیشن کے آغاز سے قبل اسمبلی ، رویندر بھارتی ، باغ عامہ ، آر بی آئی ، سکریٹریٹ کے علاوہ دیگر سڑکوں پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کو مکمل کرلیا جائے اور سڑکوں کی خوبصورتی میں اضافہ کے اقدامات تیز تر کردیئے جائیں ۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر سومیش کمار نے آج سکریٹریٹ تا باغ عامہ سڑک کا دیگر عہدیداروں کے ہمراہ دورہ کرتے ہوئے جاریہ تعمیری کاموں کے علاوہ مختلف اُمور کا جائزہ لیا اور شہر کی اہم سڑکوں پر شجرکاری و خوبصورت بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے 5 نومبر سے شروع ہورہے تلنگانہ اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے قبل سکریٹریٹ تا باغ عامہ سڑک کو خوبصورت بنانے اور سڑک کے دونوں جانب سبزہ اُگانے کے ساتھ ساتھ پودے لگانے کے اقدامات کی ہدایت جاری کی ۔ مسٹر سومیش کمار نے اس اہم و مصروف ترین سڑک پر جاری میٹرو ریل کے تعمیری کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کے علاوہ ملبہ اس مقام سے فوری طورپر منتقل کرنے کی ہدایت دی ۔ انھوں نے اس دورہ کے دوران موجود ساتھی عہدیداروں سے سڑک کو خوبصورت بنانے کے اُمور کے متعلق مشاورت بھی کی ۔ مسٹر سومیش کمار نے سڑک کے دونوں جانب غیرمجاز پارکنگ اور فُٹ پاتھ کو بغرض پارکنگ استعمال کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کرنے کا ماتحتین کو حکم دیتے ہوئے کہا کہ فٹ پاتھ پیدل راہروں کے استعمال کیلئے ہیں اور اس کی خوبصورتی میں اضافہ کے ذریعہ نہ صرف فٹ پاتھ کو قابل استعمال بنایا جاسکتا ہے بلکہ فٹ پاتھ کی تعمیر کے مقاصد کا حصول بھی ممکن ہے ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے آئندہ چند ماہ کے دوران شہر کی اہم اور مصروف ترین سڑکوں پر توسیع کے کاموں کا آغاز کرنے کے متعلق سرگرمیاں تیز کردی گئی ہیں اور بتایا جاتا ہے کہ جی ایچ ایم سی کمشنر کے حالیہ دوروں کا مقصد ٹریفک نظام کو بہتر بناتے ہوئے شہر کی تنگ سڑکوں کو کشادہ بنانے کا عملی طورپر جائزہ لینا ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ سڑکوں کی صفائی کو بہتر بنانے کیلئے دن میں دو مرتبہ کی جانے والی جاروب کشی میں اضافہ کے متعلق غور کیا جارہا ہے اور شہر کی اہم سڑکوں پر کچرے کی نکاسی کیلئے خصوصی انتظامات کی ہدایات دی جاچکی ہے ۔ مسٹر سومیش کمار نے سکریٹریٹ ، نامپلی ، اقبال مینار ، آر بی آئی ، رویندر بھارتی ، اسمبلی ، باغ عامہ کی سڑک کے علاوہ ان علاقوں تک پہونچنے والی دیگر سڑکوں کا معائنہ کرتے ہوئے سڑک پر ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے سڑک کے دونوں جانب موجود رکاوٹوں کو ختم کرنے کا منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی ۔