اسمبلی میں وقفہ سوالات

اسمبلی میں وقفہ سوالات
* بڑے شہروں میں اوٹر رنگ روڈ کی تعمیر
* ہریتا ہرم کے تحت 81 کروڑ پودوں کی شجرکاری
* 1526 اگریکلچر ایکسٹینشن آفیسرس کی جائیدادوں کی منظوری

حیدرآباد ۔ 30۔ اکتوبر (سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع ٹی ناگیشور راؤ نے کہا کہ گجویل ، محبوب نگر ، کھمم اور ورنگل شہروں میں آوٹر رنگ روڈس تعمیر کئے جائیں گے۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران وی سرینواس گوڑ اور دوسر وں کے سوال پر ناگیشور راؤ نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی مساعی سے 3500 کیلو میٹر قومی شاہراہ کی تعمیر عمل میں آئی ہے۔ گجویل ، محبوب نگر آوٹر رنگ روڈ کا کام 2018 ء تک مکمل کرلیا جائے گا ۔ 699 کروڑ کے صرفہ سے ورنگل کی سڑکوں کو ترقی دینے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے اہم شہروں میں بڑھتی ٹریفک کے باعث آوٹر رنگ روڈس کی تعمیر عمل میں لائی جارہی ہے۔ حکومت نے 4 شہروں کیلئے آوٹر رنگ روڈ کی منظوری دی ہے، جن میں گجویل ، کھمم ، محبوب نگر اور ورنگل ٹاؤن شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گجویل رنگ روڈ کا کام اور محبوب نگر رنگ روڈ کے کچھ حصے کی تعمیر جاری ہے اور کھمم رنگ روڈ کیلئے تفصیلی پراجکٹ رپورٹ تیاری کے مرحلہ میں ہے۔ ورنگل کیلئے ٹنڈرس طلب کئے گئے ہیں ۔ ناگیشور راؤ نے بتایا کہ 4 رنگ روڈس کی تعمیر پر 1165 کروڑ 20 لاکھ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں۔ گجویل کیلئے 190 کروڑ ، محبوب نگر 96.70 کروڑ ، کھمم رنگ روڈ 209 کروڑ اور ورنگل رنگ روڈ کیلئے 669 کروڑ 50 لاکھ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں۔ ارکان کے ضمنی سوالات پر وزیر عمارات و شوارع نے بتایا کہ جن شہروں میں آوٹر رنگ روڈ کی ضرورت ہے ، وہاں عوامی مطالبہ کی تکمیل کی جائے گی ۔ انہوں نے آوٹر رنگ روڈ کو نقائص سے پاک بنانے کا تیقن دیا تاکہ ٹریف حادثات پر قابو پایا جاسکے۔
ll وزیر جنگلات جوگو رامنا نے بتایا کہ ریاست میں ہریتا ہرم پروگرام کے تحت 81 کروڑ 32 لاکھ پودے لگائے گئے ہیں۔ وقفہ سوالات میں ڈی منوہر ریڈی اور دوسروں کے سوال پر وزیر جنگلات نے بتایا کہ پودوں کی حفاظت کیلئے مختلف قدم اٹھائے گئے ہیں۔ شجر کاری کے بعد پودوں کو نقصان سے بچانے ان کی مسلسل نگرانی اور ان کی آبیاری کے انتظامات کئے گئے۔ اس پروگرام کی نگرانی کیلئے گرین بریگیڈس تشکیل دئے گئے ۔ جوگو رامنا نے کہا کہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا علاوہ سوشیل میڈیا کے ذریعہ ہریتا ہرم پروگرام کی بڑے پیمانہ پر تشہیر کی جارہی ہے۔ عوامی نمائندوں ہریتا رکھشنا کمیٹیوں اور عہدیداروں کے ساتھ منڈل اور ضلع سطح پر اجلاس منعقد کئے گئے ۔
ll وزیر زراعت پوچارم سرینواس ریڈی نے بتایا کہ محکمہ زراعت کو مستحکم کرنے کیلئے حکومت نے 1526 نئے اگریکلچر ایکسٹینشن آفیسرس کی جائیدادوں کو منظوری دی ہے۔ یہ جائیدادیں موجودہ 1112 جائیدادوں کے علاوہ ہے۔ وقفہ سوالات میں اے رمیش اور دوسروں کے سوال پر وزیر زراعت نے بتایا کہ منڈل کی سطح پر 114 اگریکلچر اور آفیسرس کی جائیدادوں پر تقررات کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف سطح پر عہدیداروں ترقی دی گئی ہے۔ پوچارم سرینواس ریڈی نے کہا کہ جون 2014 ء سے آج تک 1311 اگریکلچر ایکسٹینشن آفیسرس ، 114 اگریکلچر آفیسرس، 18 جونیئر اسسٹنٹس اور 3 ٹائپسٹ کے تقررات کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ اگریکلچرل کالجس ناگرکرنول اور ورنگل کے علاوہ اگریکلچرل پالی ٹیکنکس کالجس میں یہ تقررات عمل میں لائے گئے ہیں۔