اسمبلی امور انچارج کی ذمہ واری سے سریدھر بابو کی بے دخلی کے خلاف احتجاج

کریم نگر ۔ یکم ؍ جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کریم نگر ضلع مستقر پر آج بند منایا گیا۔ ریاستی وزیر ڈی سریدھر بابو کو امورانچارج اسمبلی کی ذمہ داری سے ہٹا دیئے جانے پر ضلع کانگریس پارٹی کے زیراہتمام صبح سے ہی سیکل موٹرس پر قائدین کارکن سابق کارپوریٹرس مسلم غیرمسلم سبھی نے پی سی سی سکریٹری وائی سنیل راؤ کی قیادت میں گھومتے ہوئے مختلف کاروباری اداروں، دکانوں، ہوٹلوں، پٹرول بنک کے ساتھ ہی آر ٹی سی بسوں کو بھی بند کروادیا۔ اسی طرح کے اچانک بند کے ماحول سے عوام کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ شاید اسی کے پیش نظر بعدازاں بند میں ڈھیل دے دی گئی اور ایک بجے سے آر ٹی سی بسوں کی آمد و رفت کو بحال کردیا گیا اور دو کالجس بھی کھول دیئے جانے پر خاموشی اختیار کرلی گئی۔ ہوٹلوں کو بھی کھول دیا گیا۔

محبوب نگر میں پولیس کی
عمارت کا افتتاح
محبوب نگر ۔ یکم ؍ جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پولیس عملہ کیلئے فلاحی کاموں کو عنقریب مکمل کرلیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار ڈی آئی جی نوین چند نے ضلع ایس پی آفس میں ڈی سی آر بی، ضلع کرائم برانچ اور پاسپورٹ تحقیقات کے نئے تعمیر کردہ شعبہ کی عمارت کی افتتاحی تقریب سے مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی سی آر بی اور اسپیشل برانچ کی شاخیں کافی اہم ہوا کرتی ہیں۔ اس میں اہم فائلس اور دستاویزات محفوظ رکھی جاتی ہیں۔ ڈی سی آر بی میں جرائم سے متعلقہ اور پاسپورٹ انکوائری سے متعلقہ تفصیلات کی حفاظت کیلئے انہوں نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایات دیں۔ اسپیشل برانچ کے عہدیداروں کو چاہئے کہ تحقیقاتی کاموں کے دوران وہ کسی بھی قسم کی لاپرواہی یا غفلت نہ برتیں۔ انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ کی تفصیلات حاصل کرتے وقت پتہ کی صراحت کرتے ہوئے رپورٹ تیار کریں۔ قبل ازیں ڈی آئی جی کو ضلع پولیس کی جانب سے گاڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ایس پی ڈی ناگیندر کمار، ایڈیشنل ایس پی پردیپ ریڈی، او ایس ڈی کملاکر، ڈی ایس پی ملکارجن و دیگر عہدیدار موجود تھے۔