اسمبلی اجلاس کامیاب بنانے پر اسپیکر کا اظہار تشکر

19 دن کی کارروائی میں بجٹ پر مباحث اور 123 سوالات کے جوابات دیئے گئے
حیدرآباد 29 نومبر (سیاست نیوز) اسپیکر اسمبلی مسٹر مدھو سدن چاری نے کہاکہ 19 دن تک اسمبلی کا اجلاس منعقد کیا گیا۔ 5 دن تک بجٹ پر مباحث ہوئے۔ 123 سوالات کے جوابات دیئے گئے۔ اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی ہونے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر تلنگانہ اسمبلی نے کہاکہ 5 تا 29 نومبر 19 دن تک اسمبلی کا اجلاس کامیابی کے ساتھ منعقد کیا گیا۔ تمام سیاسی جماعتوں اور ارکان اسمبلی کو مباحث میں حصہ لینے کا موقع فراہم کیا گیا۔ بجٹ پر 5 دن تک 15 گھنٹوں تک مباحث ہوئے۔ ریاستی وزیر فینانس مسٹر ایٹالہ راجندر نے بجٹ میں ایک گھنٹہ 5 منٹ تک مباحث میں حصہ لیا۔ ٹی آر ایس کے ارکان نے 3 گھنٹے 40 منٹ، کانگریس 3 گھنٹے 17 منٹ، مجلس ایک گھنٹہ 42 منٹ، بی جے پی نے ایک گھنٹہ 25 منٹ، وائی ایس آر کانگریس پارٹی 20 منٹ، سی پی آئی 21 منٹ، سی پی ایم 22 منٹ تک مباحث کئے۔ جبکہ ریاستی وزیر فینانس نے 2 گھنٹے ایک منٹ تک مختلف جماعتوں کی جانب سے کئے گئے سوالات کے جوابات دیئے۔ انھوں نے اسمبلی کے اجلاس کو کامیاب بنانے والی تمام جماعتوں اور ان کے ارکان سے اظہار تشکر کیا۔ کانگریس، تلگودیشم کے ارکان کے انحراف کی نوٹس کے تعلق سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے اسپیکر اسمبلی نے کہاکہ انھیں نوٹسیں وصول ہوئی ہیں جس کا وہ جائزہ لے رہے ہیں۔ قاعدے قانون کے تحت جو بھی کارروائی کرنا ہے کی جائے گی۔ انھوں نے کہاکہ یہ سنجیدہ مسائل ہیں۔ عجلت پسندی میں کوئی فیصلے نہیں کئے جاسکتے۔ ڈپٹی اسپیکر مسز پدما دیویندر ریڈی نے کہاکہ اسمبلی میں عوامی مسائل پر بحث ہوئی ہے جس پر سیاسی جماعتوں کے علاوہ عوام بھی اطمینان کا اظہار کررہے ہیں۔ نصف شب تک اسمبلی کا اجلاس منعقد کرتے ہوئے حکومت نے اپنی سنجیدگی کا ثبوت دیا ہے۔