اسماء جہانگیر کے انتقال پر سہ روزہ سوگ نواز شریف کی عدالتی سماعت ملتوی

اسلام آباد ۔ 13 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف نے آج اپنے مخالفین کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں ’’سزائ‘‘ دلوانے میں ناکام رہیں گے۔ انہوں نے یہ بات پناما پیپرس بدعنوانی معاملات کی سماعت کرنے والی انسداد بدعنوانی عدالت میں 17 ویں بار پیشی کے دوران کہی۔ 67 سالہ شریف اپنی دختر مریم اور داماد کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد صفدر کے ساتھ احتسابی عدالت کے روبرو حاضر ہوئے۔ عدالت کی کارروائی جیسے ہی شروع ہوئی اس وقت عدالت کو یہ بات بتائی گئی کہ آج چونکہ ملک کی نامور وکیل اور سماجی جہدکار اسماء جہانگیر کے انتقال کے بعد سہ روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے لہٰذا وکلاء آج عدالت میں حاضر نہیں ہوں گے۔ حالانکہ قومی احتسابی بیوریو کے پراسیکیوٹر نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت عدالت میںگواہان اپنے بیان ریکارڈ کروانے موجود ہیں لیکن اس کے باوجود جج محمد بشیر نے سماعت 15 فبروری تک ملتوی کردی۔

 

اسماء جہانگیر کی تدفین
لاہور۔ 13 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی انسانی حقوق افسانوی کارکن جن کا کل انتقال ہوا تھا ، آج پورے فوجی اعزازات کے ساتھ ان کی تدفین قذافی اسٹیڈیم میں عمل میں آئی۔ ان کی تدفین میں ہزاروں سوگوار افراد بشمول خواتین شامل تھے۔ 66 سالہ اسماء کا گذشتہ اتوار کو لاہور میں قلب پر حملہ کی وجہ سے انتقال ہوا تھا۔