اسلام میں مکمل ضابطہ حیات ، علاج و معالجہ پر حضوراکرمﷺ کی طبی ہدایت

حیدرآباد /13 اپریل ( تبارک نیوز ) مشہور مبلغ اسلام و داعی دین مولانا محمد کلیم صدیقی نے کہا کہ اگر نمک سے کھانا شروع اور ختم کیا گیا اور رات کو سوتے وقت مسواک کیاگیا تو اس سے شوگر ( ذیابطیس ) کا مرض نہیں ہوگا ۔ ایک کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر سکسینہ سے ان کی ملاقات ہوئی تو انہوں نے واقف کروایا کہ رسول اکرم ﷺ نے کھانا نمک سے شروع کرنے اور نمک پر ختم کرنے کی ہدایت دی ہے اور روزانہ مسواک استعمال کرنے کا حکم دیا ہے تو یہ معلوم ہونے کے بعد وہ پھڑک گئے کہ کس طرح 1400 سال پہلے یہ بات کہی گئی ہے ۔

مولانا آج صبح راگھو رتنا ٹاور چراغ علی لین میں طب نبوی کے تحت یونانی طریقہ علاج کے ادارہ کیور آل ریمینڈیز کے حیدرآباد آفس اور پالی کلینک کا افتتاح انجام دینے کے بعد ایک اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ۔ مولانا کلیم صدیقی نے کہا کہ اس واقعہ کے چار دن بعد ان ڈاکٹر نے اسلام قبول کرلیا ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کا مقصد انسانوں کو فائدہ پہونچانا ہے ور فائدہ پہونچانے والے کی حیثیت سخی کی ہوتی ہے ۔ پہلے زمانے کے مسلمان لوگوں کو فائدہ پہونچانے کیلئے ہی جیتے تھے ۔ لیکن اب اس زمانہ میں سب بدل گیا ہے اور لوگ فائدہ حاصل کرنے کیلئے جینے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں مکمل ضابطہ حیات موجود ہے اور رسول اکرم ﷺ نے علاج معالجہ کی اہمیت اور اصول بھی بیان کئے ہیں ۔

علاج کے تعلق سے کئی احادیث بھی مروی ہیں ۔ حضرت علیؓ سے موتیا بند کے آپریشن کرنا بھی ثابت ہے ۔ حضرت جویریہؓ نے بھی سرجری سیکھی اور سکھائی تھی ۔ اس تقریب کی صدارت جناب محمد نذیر احمد صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر فنٹاسی گروپ و پروپرائٹر کیور آل ریمیڈیز نے کی اور کہا کہ طب نبوی کے فروغ کیلئے وہ مخلصانہ کوششیں کر رہے ہیں ۔ مولانا مفتی سید معصوم ثاقب پرنسپل ادارالعلوم امدادیہ رائے چوٹی نے کہا کہ زندہ قوموں کے مشورے مختصر ہوتے ہیں اور عملی جدوجہد طویل ہوتی ہے ۔ پہلے کے مسلمان طبیب نے طب کی اس طرح خدمت کی کہ اس فن کو ہی مسلمان بنالیا تھا ۔ ابتداء میں ڈاکٹر فضل احمد ایم ڈی نے خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ پہلے طبیب کو 16 علوم پر حاوی ہونا پڑتا تھا پھر اس کے بعد اس کو طب کی تعلیم دی جاتی تھی ۔ ڈاکٹر عطا اللہ شریف سابق ڈائرکٹر سنٹرل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ فار یونانی نے کہا کہ ایک ہزار سال قبل حکیم بو علی سینا نے کینسر سیل کا پتہ چلایا تھا ۔ وہ اس پائی کلینک سے وابستہ ہوئے ہیں اور حتی الامکان مریضوں کی خدمت کریں گے ۔

ڈاکٹر میر یوسف علی ایڈیشنل ڈائرکٹر محکمہ آیوش نے کہا کہ دنیا آج طب یونانی کی طرف پلٹنے لگی ہے ۔ شری کے ڈی کامبے جوائنٹ سی ای او کھادی اینڈ ویلیج انڈسٹریز کمیشن ممبئی اس تقریب میں شرکت کیلئے بطور خاص ممبئی سے حیدرآباد آئے ۔ انہوں نے ادارہ کی کامیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ ماسٹر بلال کی قرات کلام پاک سے کارروائی کا آغاز ہوا ۔ قاری انیس احمد قادری شرفی نے حضرت امجد حیدرآبادی کی مشہور حمد سناکر سماں باندھ دیا ۔ آخر میں جناب محمد مسیح احمدنے شکریہ ادا کیا ۔ اس تقریب میں ڈاکٹر نیاز احمد ، ڈاکٹر ایم اے سلیم صدر یونانی میڈیکل آفیسرز اسوسی ایشن اور دوسرے شریک تھے ۔ مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی صدر جمعیتہ علماء کی دعاء پر تقریب اختتام کو پہونچی ۔