اسلام میں عورت کو حاصل مقام کسی مذہب میں نہیں

حیدرآباد ۔ 17 ۔ فروری (راست) اسلام سے پہلے دنیا کی مختلف تہذیبوں اور مختلف معاشرہ میں عورت کو کوئی مقام حاصل نہیں تھا۔ اسلام سے پہلے عورت دنیا کے مختلف مسلکوں میں اپنے بنیادی حقوق سے بالکل محروم تھی ۔ اللہ تعالیٰ نے پیارے حبیبؐ کو اسلام کی نعمت دیکر بھیجا۔ آپؐ نے آکر عورت کے مقام کو نکھارا اور بتلایا کہ اے لوگو اگر یہ بیٹی ہے تو تمہاری عزت ہے۔ اگر بہن ہے تو تمہاری ناموس ہے ۔ اگر بیوی ہے تو زندگی کی ساتھی ہے ۔ اگر ماں ہے تو اس کے قدموں کے نیچے جنت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا پی ایم دکریا والا جاہی خطیب مسجد عیدگاہ وجئے نگر بنگلور نے مدرسہ دارالعلوم ابراہیمیہ اسبسطاس ہلز کالونی بالا نگر میں منعقدہ تقریب تکمیل حفظ قرآن مجید سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو مولانا حافظ محمد ذکی الدین راہی حسامی سیوا نگری بانی و مہتمم مدرسہ کی نگرانی الحاج اندور محمد اعجاز مشیرآباد صدر انتظامی کمیٹی دارالعلوم ہذا کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ مولانا نے کہا کہ عورت کا کوئی خلیفہ اور نبی مقابلہ نہیں کرسکتا اس لئے کہ سب سے پہلے ایمان لانے والی خاتون حضرت خدیجہؓ ہے۔ مولانا نے حافظ قرآن لڑکے کو مبارکباد دی اور اس کو مولانا محمد ذکی ا لدین راہی حسامی کے جذبہ خلوص و اساتذہ کی انتھک محنتوں کا ثمرہ قرار دیا۔ مولانا حافظ محمد ذکی الدین نے حافظ قرآن طالب علم حافظ محمد مظہرالدین ولد محمد رفیق نہرو نگر کا آخری رکوع پڑھاکر تکملہ کروایا۔ مولانا پی ایم ذکریا والا جاہی نے دعاء کی اس موقع پر بحیثیت مدعوئین خصوصی جناب سید حشمت اللہ قادری ، جناب شیخ یونس الدین صدر انتظامی کمیٹی مسجد عمر فاروقؓ نے شرکت کی۔ حافظ محمد تقی الدین حسامی اشرفی استاذ دارالعلوم ابراہیمیہ نے نطامت کے فرائض انجام دیئے۔ حافظ محمد رضی الدین خاکی سیوا نگری نائب صدر انتظامی کمیٹی مدرسہ نے مہمانوں سامعین و سامعات کا شکریہ ادا کیا ۔ حافظ عبدالصمد ابراہیمی ، مولانا عبدالواحد ابراہیمی ، حافظ محمد رحیم الدین حسامی اساتدہ مدرسہ نے مہمانوں کا استقبال کیا۔