اسلام اور مسلمانوں کی حفاظت کا ذمہ اللہ کا ہے ‘ مسلمان خوفزدہ نہ ہوں‘ نماز تمام مسائل کا حل

رحمت عالم کمیٹی کی انٹرنیشنل معراج النبی کانفرنس سے علامہ مفتی نسیم اشرف حبیبی ، علامہ مفتی لیاقت حسین برکاتی ، علامہ مفتی منظور ضیائی کے خطابات
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اپریل : ( راست ) :  شب معراج مسلمانوں کیلئے اللہ تعالیٰ کی طرف سے بڑی نعمتوں والی رات ہے کائنات عالم میں کئی انبیاء کرام کو معراج حاصل ہوئی لیکن جس طرح کی معراج ہمارے پیارے آقا محمد عربی ﷺ کو اللہ نے عطا فرمائی اس کی نظیر نہیں ملتی ۔ معراج میں اللہ تعالیٰ نے نبی پاک ﷺ کو تمام عالموں کی سیر کروائی ، جنت و دوزخ ،جنتیوں اور دوزخیوں کے حالات ،تا قیام قیامت ہونے والے حالات ـغرض ہر وہ معاملات جو اللہ نے مقرر کر رکھے ہیں ان سب حالات سے اللہ نے اپنے حبیب محمد عربی ﷺ کو بتلادئیے ۔  اللہ تعالیٰ نے اسلام کی حقانیت اور اپنے نبی ﷺ کی عظمت وصداقت کیلئے ایسے معجزات عطا فرمائے جو کسی اور نبی کو عطا نہیں کئے ۔غرض کہ معراج کا مقصد اللہ کا اپنے حبیب ﷺ کو ایسا تحفہ عطا کرنا تھا جو کسی اُمت کوعطا نہیں کیا گیا اور وہ تحفہ نماز تھی ۔ نماز قرب الہٰی کا بہترین ذریعہ ہے نبی پاک ﷺ نے نماز کی فضیلت کو واضح کرتے ہوئے فرمایا کہ نماز میری آنکھوں کی ٹھنڈک ہے نماز میرے دل کا سکون ہے اور نماز مومن کی معراج ہے  تو وہ کس طرح مومن ہوسکتا ہے جو اپنے نبی پاکﷺ کی آنکھوں کی ٹھنڈک کو چھوڑدے جو اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ معراج کو فراموش کردے ۔ آج وقت ہے مسلمانان عالم کیلئے کہ وہ رجوع الی اللہ ہوجائیں اطاعت رسول ﷺ میں اپنے آپ کو مضمر کردیں تاکہ وہ دنیا و آخرت کی بھلائیوں کو پالیں ۔ ان خیالات کا اظہار ساوتھ آفریقہ سے تشریف لائے مہمان مقرر ، مفتی محمد نسیم اشرف حبیبی نے کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی بائیسویں انٹرنیشنل معراج النبی ﷺ کانفرنس میں  عاشقانِ رسولﷺ کے اژدھام سے کیا ۔ کانفرنس کا آغاز حافظ صلاح الدین جاوید کی قرات سے ہوا ۔ بارگاہِ رسالتمآب ﷺ میں کمسن نعت خواں عبدالقیوم نے ہدیہ نعت پیش کی ۔  محمد شاہد اقبال قادری (صدر رحمت عالم کمیٹی) ـ نے استقبال کیا ۔ سرپرستی مولانا سید محمد شاہ قادری ملتانی ،صدارت مولانا خلیل علی شاہ بابا قادری قدرتی محبوبی ، نگرانی جناب محمد شوکت علی صوفی نے کی ۔ مہمانان ِ خصوصی کی حیثیت سے مولانا حافظ سید شاہ محمد حسینی الرضوی القادری ‘ مولانا سید متین علی شاہ قادری ، الحاج محمد نعیم صوفی ، ڈاکٹر حیدر یمنی ، ڈاکٹر خالد ، ڈاکٹر احمد عرفانی نے شرکت کی ۔ العلامہ مفتی منظور ضیائی ( ممبئی)نے کہا کہ معراج ایک ایسا معجزہ ہے جس عظمت روز روشن کی طرح عیاں ہے اللہ پاک نے قرآن پاک میں ’’ لیل ‘ ‘ کا لفظ استعمال کیا ہے جس کا مطلب ساری رات نہیں بلکہ رات کے مختصر ترین حصہ میں دنیا کا عظیم ترین و طویل ترین سفر اللہ پاک نے اپنے حبیب پاک ﷺ کو عطا کیا ۔ اس رات کی عظمت کو سمجھنے کی ضرورت ہے اور اس عظیم رات میں اُمت محمدیہ ﷺ کو جو اللہ نے نماز جیسا تحفہ عطا کیا اس کی قدر کرنے کی سخت ضرورت ہے ۔  نیپال سے آئے مفتی لیاقت حسین برکاتی نے معراج اور نماز کی عظمت کو بڑے ہی مدلل انداز میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ یوں تو اللہ تعالیٰ نے اُمت محمدیہ پر 50نمازیں فرض کی تھیں اور 50نمازوں کا کم ہوتے ہوتے 5ہوجانا یہ بھی اللہ تعالیٰ کی رحمت کا نتیجہ ہے بلکہ اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب ﷺ کو بار بار اپنے دیدار سے مشرف فرمانے اور اپنے نبی پاکﷺ کو اپنے پاس بار بار بلانے کیلئے نبی پاک ﷺ کو موسیٰ علیہ السلام سے ملاقات کروائی ۔ چنچل گوڑہ جونیر کالج گراونڈ میں موجود عاشقان رسول ﷺ کے ہجوم سے مولانا نے عہد لیتے ہوئے کہا کہ آج تمام مسلمان اپنے گھروں کو قرآن کی تلاوت اور نمازوں کی پابندی سے سنواریں ۔ ڈاکٹر معز الدین قادری شرفی (کامل الحدیث جامعہ نظامیہ ) نے کہا کہ اسلام نے واضح انداز میں حق و باطل کا فیصلہ فرمادیا ہے ۔ اسلام کی حقانیت اور صداقت قرآن پاک میں موجود ہے اللہ تعالیٰ نے اُمت محمدیہ ﷺ کو معراج جیسے معجزہ میں نماز جیسا تحفہ عطا کرنا یہ ہمارے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ مولانا اقبال احمد رضوی القادری ، مولانا ڈاکٹر نادر المسدوسی ، مولانا ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری نظامی کے علاوہ کمسن مقرر محمد اویس مکی نقشبندی قادری نے بھی خطاب کیا ۔ آخر میں مولانا متین علی شاہ قادری کی دعا  اور صلوٰۃ و سلام پر کانفرنس کا اختتام عمل میں آیا ۔