اسلامک اسٹیٹ سے تعلق کے الزام میں امریکی شہری گرفتار

نیویارک، 28فروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا میں ایک شخص کو لیبیا جاکر اسلامک اسٹیٹ میں شامل ہونے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔ نیویارک وفاقی استغاثہ نے اس بات کا اعلان کیا۔بروکلین وفاقی عدالت میں ایک شکایت میں بینارڈ آگسٹائن (21) پر الزام ہے کہ وہ فروری 2016 میں تیونس گیا تھا جہاں سے اس نے لیبیا میں اسلامی اسٹیٹ کے کنٹرول والے علاقے میں گھسنے کی کوشش کی تھی۔استغاثہ کے مطابق آگسٹائن پر ایک غیر ملکی دہشت گرد تنظیم کو مدد فراہم کرنے کی کوشش کرنے کے الزام ہیں۔ اگر آگسٹائن مجرم پایا جاتا ہے تو اسے 20 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے ۔ آگسٹائن کو تیونس میں گرفتار کر کے جیل میں ڈال دیا گیا تھا۔ اس کے بعد اسے امریکہ کے حوالے کر دیا گیا۔غور طلب ہے کہ جارج واشنگٹن یونیورسٹی میں انتہا پسندی کے موضوع پر منعقد ایک پروگرام کے مطابق امریکہ میں جنوری ماہ کے دوران 157 لوگوں پر اسلامک اسٹیٹ کے ساتھ تعلقات ہونے کے الزامات ہیں۔