اسرائیل میں سب سے بڑا یہودی عرب اسکول نذرآتش

یروشلم۔ 30؍نومبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ اسرائیل کے سب سے بڑے دو لسانی اسکول جس میں یہودی اور عرب بچے زیر تعلیم تھے، مشتبہ آتش زنی کا شکار ہوگیا جس کی وجہ سے جنوبی یروشلم کی کشیدہ صورتِ حال مزید ابتر ہوگئی۔ یہ واقعہ یروشلم میں دو کمیٹیوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے نتیجہ میں پیش آیا جس کا آغاز 50 روزہ غزہ۔ اسرائیل خونریز جنگ کے بعد ہوا تھا اور جو صیانتی انتظامات میں اضافہ کے باوجود جاری رہی تھی۔ اسکول کے پلے گراؤنڈ میں کل شام آگ بھڑک اُٹھی تھی، لیکن اسے ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے والے ارکان عملہ نے بجھادیا۔ پولیس اور آتش فرو عملہ کے بموجب انھیں شبہ ہے کہ آتش زنی کا کوئی واضح ثبوت موقع واردات سے دستیاب نہیں ہوسکا۔ یہ اسکول عرب اور یہودی مشترکہ زیر انتظام تھا اور 1998ء سے اس کا پرنسپل ایک عرب تھا جب کہ انتظام ایک غیر سرکاری تنظیم کے ذمہ ہے۔