اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو کا اواخر سال دورہ متوقع

نئی دہلی ۔ 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نتن یاہو کے رواں سال کے اواخر ہندوستان کو جوابی دورہ کا امکان ہے، وزارت امورخارجہ کے ایک سینئر عہدیدار نے آج یہ بات کہی۔ معتمد (معاشی امور) امرسنہا نے کہا کہ ہمیں امید ہے ہم اس سال کے اواخر تک ہندوستان کو اسرائیلی وزیراعظم کا دورہ دیکھیں گے۔ نتن یاہو ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کے صیہونی مملکت کو 4 جولائی سے سہ روزہ سفر کے تناظر میں یہاں آئیں گے۔ مودی کا دورہ اسرائیل کسی ہندوستانی وزیراعظم کا اولین دورہ رہے گا۔ اسرائیلی وزیراعظم ایریئل شارون اور صدر ایزر ویزمن نے ترتیب وار 2003ء اور 1997ء میں ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔ اسرائیلی صدر روون ریولین نے گذشتہ نومبرہندوستان کادورہ کیا تھا۔ امر سنہا یہاں ویویکا نند انٹرنیشنل فاونڈیشن کے زیراہتمام ہند۔ اسرائیل تعلقات کے 25 سال کے عنوان سے منعقدہ ایونٹ سے مخاطب تھے۔ اس موقع پر اسرائیلی قاصد برائے ہند ڈانیل کارمون بھی موجود تھے۔ عرب ممالک اور اسرائیل کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے امرسنہا نے جو کل سبکدوش ہورہے ہیں، کہا کہ نئی دہلی کی پالیسی میں واضح فرق آیا ہے جس کا نتیجہ ہوا کہ ہندوستان کو اسرائیل اور فلسطین کے درمیان توازن قائم رکھنے کے اقدامات میں مشغول ہونا نہیں پڑ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مودی اپنے طئے شدہ دورہ اسرائیل کے دوران فلسطین نہیں جائیں گے۔ اسرائیل اور فلسطین مسئلہ کے بارے میں ہمارا موقف کافی سادہ ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک قائم رہے اور پرامن پڑوسیوں کے طور پر بقائے باہم کے اصول پر آگے بڑھیں۔